کافی پینا جلد موت کا خطرہ کم کرنے میں مددگار قرار

یہ دعویٰ ایک طبی تحقیق میں کیا گیا / رائٹرز فوٹو
یہ دعویٰ ایک طبی تحقیق میں کیا گیا / رائٹرز فوٹو

کافی پینے کے عادی افراد (چینی کے ساتھ یا اس کے بغیر) میں جلد موت کا خطرہ کم ہوتا ہے۔

یہ دعویٰ چین میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آیا۔

اس سے قبل بھی طبی سائنس کا کہنا تھا کہ یہ گرم مشروب صحت کے لیے مفید ہوتا ہے جس سے جگر کے امراض سے لے کر کینسر کی مخصوص اقسام اور دماغی تنزلی جیسے طبی مسائل کا خطرہ کم ہوسکتا ہے۔

مگر اس نئی تحقیق میں بتایا گیا کہ جو افراد روزانہ متعدل مقدار میں کافی پیتے ہیں، ان میں اگلے 7 برسوں کے دوران موت کا خطرہ اس مشروب سے دور رہنے والوں کے مقابلے میں کم ہوتا ہے۔

اس تحقیق میں یوکے بائیو بینک سے ایک لاکھ 71 ہزار سے زیادہ افراد کے جینیاتی، طرز زندگی اور صحت کے ڈیٹا حاصل کیا گیا تھا۔

2016 میں شروع ہونے والی تحقیق کے دوران مختلف عناصر جیس عمر، جنس، نسل، تعلیمی کوائف، تمباکو نوشی، جسمانی سرگرمیوں کی شرح، جسمانی وزن اور غذا کو مدنظر رکھا گیا۔

نتائج سے دریافت ہوا کہ روزانہ ڈھائی سے ساڑھے 4 کپ بغیر چینی والی کافی پینے والے افراد میں جلد موت کا خطرہ 29 فیصد تک کم ہوجاتا ہے۔

اسی طرح چینی ملا کر ڈیڑھ سے ساڑھے 3 کپ کافی روزانہ پینے والے افراد میں بھی یہ خطرہ کم ہوتا ہے مگر اس کی شرح نہیں بتائی گئی۔

یہ تحقیق کچھ حوالوں سے محدود تھی کیونکہ اس میں شامل افراد سے کافی پینے اور دیگر عادات کے بارے میں صرف ایک بار پوچھا گیا اور ان کے ذاتی بیان پر انحصار کیا گیا۔

اس تحقیق کے نتائج طبی جریدے اینالز آف انٹرنل میڈیسین میں شائع ہوئے۔

اس جریدے کی ڈپٹی ایڈیٹر ڈاکٹر کرسٹینا وی نے تسلیم کیا کہ نتائج پتھر پر لکیر نہیں مگر ایسا نظر آتا ہے کہ بغیر چینی یا کم مقدار میں چینی کے ساتھ کافی پینا بیشتر افراد کے لیے نقصان دہ نہیں ہوتا۔

مزید خبریں :