فیصل قریشی نے بھارت کے مکمل بائیکاٹ کا مطالبہ کردیا

معروف اداکار و میزبان فیصل قریشی نے بھارت کے مکمل بائیکاٹ کا مطالبہ کردیا۔

فیصل قریشی نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ  پر ایک ویڈیو جاری کی جس میں انہوں نے کہا کہ  ’اس وقت جو  مسئلہ چل رہا ہے میرے خیال میں اس پر ہر ایک کو بات کرنی چاہیے لیکن سب اتنے خاموش کیوں ہیں؟‘

اداکار نے کہا کہ ’بھارت میں ایک خاتون نے ہمارے پیارے نبی ﷺ کے بارے میں گستاخانہ بیان دیا ہے جس پر تمام اُمتِ مسلمہ بھارت کا بائیکاٹ کر رہی ہے لیکن ابھی تک ہماری طرف سے کافی خاموشی ہے، مجھے لگتا ہے کہ ہمیں اس پر بات کرنی چاہیے، باقاعدہ بائیکاٹ ہونا چاہیے۔‘

فیصل قریشی نے کہا کہ ’جب مجھے مختلف جگہوں پر عجیب چیزیں اور تصاویر دیکھنے کو ملتی ہیں تو تکلیف ہوتی ہے کیونکہ میرے لیے اور تمام اُمتِ مسلمہ کے لیے نبی کریم ﷺ کی ذات سے بڑھ کر کچھ بھی نہیں ہے۔‘

ویڈیو کے اختتام پر انہوں نے کہا کہ ’ میری درخواست ہے کہ آپ اس پر بات کریں، اپنا احتجاج ریکارڈ کروائیں کیونکہ اب پانی سر سے گزر چکا ہے۔‘

یاد رہے کہ بی جے پی کی ترجمان نوپور شرما نے ایک ٹی وی چینل کے پروگرام میں اسلام اور نبی کریمﷺکے حوالے سے گستاخانہ گفتگو کی۔

بی جے پی کی ترجمان کے گستاخانہ بیان پر بھارت سمیت دنیا بھر کے مسلمانوں میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے جب کہ وزیراعظم شہباز شریف سمیت دیگر شخصیات نے بھی بیان کی شدید مذمت کی ہے۔

مزید خبریں :