ٹک ٹاک میں اسکرین ٹائم منیجمنٹ کے نئے ٹول متعارف

ٹک ٹاک میں صارفین میں وقفہ لینے کی حوصلہ افزائی کے لیے نیا ٹول متعارف کرایا گیا / فوٹو بشکریہ ٹک ٹاک
ٹک ٹاک میں صارفین میں وقفہ لینے کی حوصلہ افزائی کے لیے نیا ٹول متعارف کرایا گیا / فوٹو بشکریہ ٹک ٹاک

ٹک ٹاک کے صارفین لگتا ہے کہ اس پر اتنا زیادہ وقت گزارتے ہیں کہ یہ ویڈیو شیئرنگ سائٹ چاہتی ہے کہ لوگ کچھ وقت تک اس سوشل میڈیا نیٹ ورک سے دور رہیں۔

یہی وجہ ہے کہ ٹک ٹاک نے ایک نیا ٹول متعارف کرایا ہے جو ایپ پر مخصوص وقت کے بعد صارفین کو کچھ وقت تک حقیقی دنیا میں گزارنے کا مشورہ دے گا۔

اس نئے اسکرین ٹائم ٹول میں ریمائنڈرز کا ایک آپشن بھی ہے جو صارفین کے طے کردہ وقت کے بعد ایپ سے وقفہ لینے کے بارے میں یاد دلائے گا۔

کمپنی کے مطابق 13 سے 17 سال کی عمر کے ایسے صارفین کو اس ٹول کے بارے میں خصوصی طور پر آگاہ کیا جائے گا جو روزانہ 100 منٹ سے زیادہ وقت اس ایپ پر گزار رہے ہوں گے۔

ٹک ٹاک کی جانب سے ایک اسکرین ٹائم ڈیش بورڈ بھی پیش کیا گیا ہے جو بتائے گا کہ آپ ویڈیوز میں اسکرولنگ کرتے ہوئے کتنا وقت گزارتے ہیں یا دن یا رات میں کتنی بار ایپ اوپن کرتے ہیں۔

ٹک ٹاک کی جانب سے ذہنی صحت کے حوالے سے سیفٹی سینٹر پر ایک گائیڈ بھی شائع کی جارہی ہے جس میں بتایا جائے گا کہ ذہنی صحت کے مسائل دوستوں یا رشتے داروں سے کیسے بات چیت کریں۔

کمپنی نے کہا کہ ڈیجیٹل ڈیوائسز اور ایپس کے درمیان مثبت تعلق کا پیمانہ صرف اسکرین ٹائم نہیں، بلکہ ٹیکنالوجی کو کنٹرول کرنے کا احساس اور مثبت انداز سے وقت گزارنا بھی ہے۔

خیال رہے کہ سوشل میڈیا کے بہت زیادہ استعمال سے ذہنی صحت پر مرتب ہونے والے ممکنہ منفی اثرات پر کافی عرصے سے سائنسدان تحقیقی کام کررہے ہیں۔

اسی کو مدنظر رکھتے ہوئے سوشل میڈیا نیٹ ورکس کی جانب سے صارفین کو پلیٹ فارمز کے استعمال کے حوالے سے زیادہ کنٹرول دینے کی کوشش کی جارہی ہے۔

مثال کے طور پر 2018 میں فیس بک اور اس کی فوٹو شیئرنگ سروس انسٹاگرام نے ایپ کے استعمال کا وقت محدود کرنے میں مددگار ٹولز جاری کیے تھے۔

انسٹاگرام نے ان ٹولز کو 2022 میں مزید بہتر بناکر دوبارہ مارچ میں متعارف کرایا۔

مزید خبریں :