عامر لیاقت کی موت کی وجہ جاننےکیلئے تفتیش جاری، پولیس نےگھر سیل کردیا

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

کراچی: رکن قومی اسمبلی اور معروف ٹی وی میزبان عامر لیاقت حسین کے انتقال کے بعد پولیس نے ان کا گھر سیل کردیا۔

عامر لیاقت کی موت کی وجہ جاننےکے لیے پولیس کی جانب سے تفتیش جاری ہے۔

پولیس کی جانب سے خداداد کالونی میں واقع عامر لیاقت کےگھر کو سیل کردیا گیا، گھر میں صرف ان کی سابقہ اہلیہ کو جانےکی اجازت دی گئی ، میڈیا کو بھی اندر جانے سے روک دیا گیا۔

پولیس کی جانب سے عامر لیاقت کے بیڈروم سے شواہد اکٹھےکیےگئے ہیں، پولیس حکام کا کہنا ہےکہ لاؤنج تک جنریٹر کے دھوئیں کی بو تھی، تاہم بیڈروم اور اسٹڈی روم میں نہیں تھی، عامر لیاقت کے کمرے سے 2 موبائل فونز  اور  دیگر چیزیں ملی ہیں، ان کی دوائیاں اور  دیگر اشیاء بھی کمرے سے ملی ہیں۔

 پولیس حکام کا کہنا ہے کہ موت کی حتمی وجہ پوسٹ مارٹم کے بعد ہی سامنے آئےگی۔

خیال رہے کہ ممتاز ٹی وی اینکر، مقرر اور ایم این اے عامر لیاقت گزشتہ شب اپنے کمرے میں بے ہوش پائے گئے،ملازمین کی اطلاع پر عامر لیاقت کو اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کی موت کی تصدیق کردی گئی۔

ملازمین کا کہنا ہےکہ گذشتہ رات عامر لیاقت کے دل میں تکلیف ہورہی تھی انہیں اسپتال جانے کا کہا لیکن انہوں نے انکار کردیا۔

ڈاکٹرز کے مطابق عامر لیاقت کو مردہ حالت میں اسپتال لایا گیا، ان کی میت پوسٹ مارٹم کیلئے جناح اسپتال بھجوائی گئی تھی تاہم ان کے اہلخانہ نے پوسٹ مارٹم کرنے سے منع کردیا ہے اور کہا ہےکہ عامر لیاقت کا بیٹا برطانیہ سے آجائے پھر فیصلہ ہوگا جس کے بعد عامر لیاقت کی میت کو شارع فیصل پر موجود فلاحی ادارے کے سرد خانے منتقل کردیا گیا۔

عامر لیاقت دو بار رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے، وہ وزیر مملکت برائےمذہبی اموربھی رہے ، ان کے انتقال پر سیاسی و سماجی شخصیات نے افسوس کا اظہار کیا ہے۔

مزید خبریں :