10 جون ، 2022
پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے اثرات، ملک میں ایک ہفتے کے دوران مہنگائی میں ریکارڈ اضافہ ہوگیا۔
ادارہ شماریات کی طرف سے جاری کیے گئے مہنگائی کے ہفتہ وار اعدادوشمار کے مطابق ملک میں مہنگائی کی شرح 2.67 فیصد اضافے کے ساتھ 23.98 فیصد کی بلند شرح پر پہنچ گئی ہے۔
ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے میں 33 اشیاء ضروریات مہنگی ہوئیں،آلو کی فی کلو قیمت 3 روپے 10 پیسے اور ٹماٹر کی فی کلو قیمت میں 4 روپے سے زائد کا اضافہ ہوا ۔
اس کے علاوہ گھی فی کلو 28 روپے اور کوکنگ آئل کی فی لیٹر قیمت میں37 روپے تک اضافہ ہوا۔
اعدادو شمار کے مطابق ایک ہفتے کے دوران دالیں، نمک، بیف، مٹن، چینی، پیاز، دودھ بھی مہنگے ہونے والے آئٹمز میں شامل ہیں جبکہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 30 روپے کا اضافہ ہوا۔
اس کے علاوہ ادارہ شماریات کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ایک ہفتے میں 5 اشیاء کی قیمتوں میں کمی اور 13 اشیاء کی قیمتوں میں استحکام رہا۔