Time 12 جون ، 2022
دنیا

سری لنکا کا موجودہ بحران اس کا اپنا پیدا کردہ ہے، وزیراعظم رانیل وکرما سنگھے کا اعتراف

امریکی خبررساں ایجنسی کو انٹرویو دیتے ہوئے وکرما سنگھے نے کہا ہے کہ ہماری اولین ترجیح ملک کو بحرانی صورت حال سے نکالنا ہے۔—فوٹو: اے پی
امریکی خبررساں ایجنسی کو انٹرویو دیتے ہوئے وکرما سنگھے نے کہا ہے کہ ہماری اولین ترجیح ملک کو بحرانی صورت حال سے نکالنا ہے۔—فوٹو: اے پی

سری لنکن وزیراعظم رانیل وکرما سنگھے نے اعتراف کیا ہے کہ سری لنکا کا موجودہ بحران اس کا اپنا پیدا کردہ ہے۔

امریکی خبررساں ایجنسی کو انٹرویو دیتے ہوئے وکرما سنگھے نے کہا ہے کہ ہماری اولین ترجیح ملک کو بحرانی صورت حال سے نکالنا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ سری لنکا روس سے مزید تیل خرید سکتا ہے لیکن پہلے دیگر ذرائع دیکھے جائیں گے جبکہ روس نے سری لنکا کو گندم کی برآمد کی بھی پیشکش کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سری لنکا کا موجودہ بحران اس کا اپنا پیدا کردہ ہے اور روس، یوکرین  جنگ اسے مزید بدتر بنا رہی ہے ، اس کے علاوہ انہوں نے خبردار کیا کہ ملک میں  خوراک کی شدید قلت 2024 تک جاری رہ سکتی ہے۔

سری لنکن وزیر اعظم وکرما سنگھے نے  کہا کہ سری لنکا کو ایندھن کی اشد ضرورت ہے اور وہ اس وقت مشرق وسطیٰ میں روایتی سپلائرز سے تیل اور کوئلہ حاصل کرنے کی کوشش کررہے ہیں جبکہ چین سے مزید مالی مدد قبول کرنے کے لیے بھی تیار ہیں۔

واضح رہے کہ سری لنکا کو 70 سال سے زائد عرصے کے دوران بدترین مالیاتی بحران کا سامنا ہے۔

سری لنکا کے مرکزی بینک کے گورنر نے اعلان کیا تھا کہ اب ملک دیوالیہ ہوگیا ہے کیونکہ ہم 18 مئی تک قرضوں پر عائد سود کی ادائیگی کرنے میں ناکام رہے۔

اس کے علاوہ حکومت کے پاس تیل کی درآمدکے لیے غیر ملکی کرنسی کا بحران ہے اور تیل کی قلت کے باعث ملک کو بجلی کی بھی شدید کمی کا سامنا ہے، شہری پیٹرول اور ایندھن کے لیے گھنٹوں قطار میں لگنے پر مجبور ہیں۔

مزید خبریں :