13 جون ، 2022
معروف ریسلر اور اداکار جان سینا نے یوکرینی پناہ گزین نوجوان کی خواہش پوری کردی۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق جان سینا نے اپنے ایک خاص مداح کے خواب کو اس وقت پورا کیا جب انہوں نے ڈاؤن سنڈروم کے شکار یوکرین کے جنگی پناہ گزین نوجوان سے ملاقات کی۔
رپورٹس کے مطابق 19 سالہ نوجوان میشا کو نہیں معلوم تھاکہ اس کا خاندان یوکرین میں جاری روسی جنگ کی وجہ سے نیدر لینڈز میں قیام پذیر ہے۔
اطلاعات کے مطابق میشا کی والدہ یہ کہہ کر اسے نیدر لینڈز لائی تھیں کہ وہاں تمہارے پسندیدہ ریسلر جان سینا سے ملاقات ہوسکیں گی۔
غیرملکی میڈیا کے مطابق جان سینا کا کہنا ہے کہ جب مجھے قوت گویائی سے محروم میشا کی والدہ کے بارے میں معلوم ہوا کہ انہوں نے اپنے بیٹے کو نیدر لینڈز آنے کی وجہ یہ بتائی ہے کہ وہ مجھ سے ملاقات کریں گے تو اس کے بعد مجھ سے رہا نہیں گیا اور میں نے فوراً اس نوجوان کی خواہش پوری کرنے کا سوچا۔
اطلاعات کے مطابق 5 جون کو جان سینا کی ملاقات میشا اور اس کی والدہ سے ایمسٹرڈیم میں ہوئی جہاں ریسلر نے میشا کو گلے لگایا، تصاویر لیں اور اسے کچھ وقت کیلئے اپنا WWE کا بیلٹ بھی دیا۔