Time 14 جون ، 2022
سائنس و ٹیکنالوجی

اب اینڈرائیڈ فون سے آئی فون پر واٹس ایپ ڈیٹا منتقل کرنا ممکن

اب اینڈرائیڈ سے واٹس ایپ ڈیٹا آئی فون میں منتقل کرنا آسان ہوگیا ہے / فوٹو بشکریہ وکی میڈیا کامنز
اب اینڈرائیڈ سے واٹس ایپ ڈیٹا آئی فون میں منتقل کرنا آسان ہوگیا ہے / فوٹو بشکریہ وکی میڈیا کامنز

اگر آپ واٹس ایپ استعمال کرتے ہیں اور اینڈرائیڈ فون کی جگہ آئی فون لینا چاہتے ہیں تو میٹا کی زیرملکیت میسنجر کا قیمتی ڈیٹا اس خواہش کے لیے بہت بڑی رکاوٹ ثابت ہوتا ہے۔

ویسے سننے میں تو یہ کوئی بڑا مسئلہ نہیں لگتا مگر دنیا بھر میں واٹس ایپ استعمال کرنے والے کروڑوں افراد کے لیے اینڈرائیڈ سے آئی فون پر منتقل ہونے کا مطلب برسوں کے پیغامات اور تصاویر کو خیرباد کہنا بھی ہوتا ہے۔

مگر اب یہ مسئلہ ایپل اور واٹس ایپ نے ملکر حل کردیا ہے (البتہ اب بھی کچھ انتظار کرنا ہوگا)۔

ایپل کی تیار کردہ اینڈرائیڈ ایپ موو ٹو آئی او ایس پہلے ہی لوگوں کو کسی اینڈرائیڈ فون سے آئی فون میں کانٹیکٹس، کیلنڈر، ایس ایم ایس میسجز اور تصاویر کو ٹرانسفر کرنے کی سہولت فراہم کررہی ہے۔

اب اس ایپ کے ذریعے واٹس ایپ ڈیٹا کو بھی اینڈرائیڈ سے آئی او ایس ڈیوائس میں منتقل کرنے کی سہولت کا اضافہ بھی کیا جارہا ہے۔

اس بارے میں میٹا کے سی ای او مارک زکربرگ نے بتایا کہ ہم واٹس ایپ چیٹ ہسٹری، فوٹوز، ویڈیوز اور وائس میسجز کو اینڈرائیڈ اور آئی فون میں محفوظ طریقے سے منتقل کرنے کی سہولت کا اضافہ کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ صارفین کی جانب سے اس کا بہت زیادہ مطالبہ کیا جارہا تھا، گزشتہ سال آئی فون سے اینڈرائیڈ ڈیٹا منتقل کرنے کا فیچر متعارف کرایا گیا اور اب اینڈرائیڈ سے آئی فون کے لیے ایسا کیا جارہا ہے۔

فی الحال اینڈرائیڈ ڈیوائسز کے لیے واٹس ایپ کے بیٹا ورژن میں یہ سپورٹ دستیاب ہے یعنی تمام صارفین کو اس سہولت کو استعمال کرنے کے لیے کچھ انتظار کرنا ہوگا۔

استعمال کیسے کریں؟

فی الحال یہ سپورٹ اینڈرائیڈ پر واٹس ایپ کے بیٹا ورژن پر دستیاب ہے / فوٹو بشکریہ ایپل
فی الحال یہ سپورٹ اینڈرائیڈ پر واٹس ایپ کے بیٹا ورژن پر دستیاب ہے / فوٹو بشکریہ ایپل 

اسے استعمال کرنے کے لیے آئی او ایس 15.5 پر کام کرنے والے آئی فون، اینڈرائیڈ 5 یا اس کے بعد کے ورژن پر کام کرنے والے فون، موو ٹو آئی او ایس کا تازہ ترین ورژن اور اینڈرائیڈ کے لیے واٹس ایپ کے تازہ ترین ورژن کی ضرورت ہوگی۔

جب آپ اینڈرائیڈ فون پر موو ٹو آئی او ایس کو اوپن کریں گے تو وہ خودکار طور پر واٹس ایپ کو لانچ کردے گی، جہاں آپ کو ڈیٹا آئی فون میں ٹرانسفر کرنے کی اجازت دینا ہوگی۔

یہ ایپ واٹس ایپ ڈیٹا کو انکرپٹ کردیتی ہے تاکہ وہ محفوظ رہے۔

اس کے بعد جب آپ آئی فون پر واٹس ایپ کو اوپن کریں گے تو انکرپٹڈ ڈیٹا کے ڈاؤن لوڈ ہونے کا عمل مکمل ہوجائے گا، مگر صارف کے لاگ ان ہونے تک وہ ڈیٹا قابل استعمال نہیں ہوگا۔

ایک بار لاگ ان ہوجائیں گے تو تمام میسجز اور دیگر ڈیٹا واٹس ایپ کے آئی او ایس ورژن میں نظر آنے لگے گا۔

مزید خبریں :