15 جون ، 2022
مسلم لیگ (ق) کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر مونس الٰہی نے اپنے خلاف منی لانڈرنگ کا مقدمہ درج کیے جانے پر خود ایف آئی اے کے سامنے پیش ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔
جیونیوز سےگفتگو کرتے ہوئے مونس الٰہی نے کہا کہ ’مجھے گرفتار کرنے کے لیے ٹیمیں بھیجی گئی ہیں، میں ان سے کہتا ہوں پیٹرول پہلے ہی مہنگا ہے نہیں لگائیں‘۔
انہوں نے کہا کہ ’اسلام آباد سے لاہور کے راستے میں ہوں، مجھ سے جو پوچھنا ہے پوچھیں، گرفتار کرنا ہے کریں یا تشدد کرنا ہے تو کریں لیکن یہ سب کرنے کے بعد بھی پی ٹی آئی کا ساتھ ہم نہیں چھوڑیں گے‘۔
مونس الٰہی کا کہنا تھا کہ مجھے ان لوگوں کی بات نہ ماننے کی سزا دی جارہی ہے، شوگر ملز میں سرمایہ کاری کی ہے جو ڈکلیئر ہے‘۔
دوسری جانب (ق) لیگ کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہےکہ مونس الٰہی نے خود ایف آئی اے کے سامنے پیش ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔