پاکستان
17 فروری ، 2012

پارا چنار خود کش دھماکا: جاں بحق افراد کی تعداد 26 ہوگئی، 37 زخمی

پارا چنار خود کش دھماکا: جاں بحق افراد کی تعداد 26 ہوگئی، 37 زخمی

کرم ایجنسی … پاراچنار کے مرکزی بازار میں خودکش دھماکے سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 26 ہوگئی جبکہ 37 دیگر افراد زخمی بھی ہیں جبکہ دھماکے کی ذمہ داری کالعدم تحریک طالبان پاکستان نے قبول کرلی ہے، دھماکے کے خلاف کرم ایجنسی میں 3 روزہ سوگ اور ہفتے کو تمام بازار اور کاروباری ادارے احتجاجاً بند رکھنے کا اعلان کیا گیا ہے۔ کرم ایجنسی کے شہر پاراچنار میں دھماکا اس وقت ہوا جب نماز جمعہ ختم ہونے کے بعد نمازی پاراچنار کے مرکزی بازار میں سامان کی خریدو فروخت میں مصروف تھے۔ عینی شاہدین کے مطابق موٹر سائیکل پر سوار خودکش حملہ آور نے بازار کے بیچوں بیچ خود کو دھماکے سے اڑا لیا، جس کے نتیجے میں متعدد افراد جاں بحق اور کئی زخمی ہوگئے۔ دھماکے سے قریبی عمارتوں کو بھی نقصان پہنچا اور متعدد دکانیں تباہ ہوگئیں، دھماکے میں جاں بحق ہونے والوں اور زخمیوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرز اسپتال پہنچایا گیا، جہاں کئی زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ دھماکے کے بعد مشتعل مظاہرین نے شدید احتجاج کیا تاہم سیکیورٹی اہل کاروں نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لئے لاٹھی چارج کیا جس سے کئی افراد زخمی ہوگئے۔ پولیٹیکل حکام نے دھماکے کے بعد پاراچنار شہر میں کرفیونافذ کردیا ہے۔ خطیب جامع مسجد پارا چنار علامہ نواز عرفانی نے اعلان کیا ہے کہ دھماکے کے خلاف کرم ایجنسی میں 3 روزہ سوگ منایا جائے گا جبکہ ہفتے کو تمام بازار اور کاروباری ادارے بھی احتجاجاً بند رہیں گے۔ پاراچنار میں ہونے والے خودکش دھماکے کی ذمے داری کالعدم تحریک طالبان پاکستان نے قبول کرلی ہے ۔

مزید خبریں :