17 جون ، 2022
پاکستان تحریک انصاف کے دور میں وزیر خارجہ رہنے والے شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (فیٹف) کی گرے لسٹ سے نکلنے پر قوم کو مبارک باد دیتا ہوں۔
جیو نیوز سے گفتگو میں شاہ محمود قریشی نے کہا کہ فیصلہ ہوگیا ہے کہ پاکستان اب گرے لسٹ میں نہیں ہوگا، فیٹف کا دورہ پاکستان رسمی ہوگا، فیٹف کی تمام شرائط پر عمل درآمد ہوگیا ہے، فیٹف اکتوبر میں باضابطہ اعلان کرے گا۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ن لیگ کے دور میں پاکستان گرے لسٹ میں شامل ہوا تھا، تمام شرائط پرعمل ہوگیا، اب گرے لسٹ میں رہنے کا کوئی جواز نہیں تھا، بھارت کی پاکستان کو بلیک لسٹ میں شامل کرانے کی کوششیں ناکام ہوئیں۔
خیال رہے کہ فیٹف کی جانب سے آج گرے لسٹ میں شامل ممالک کے اسٹیٹس کا اعلان کیا جانا تھا تاہم پاکستان کو گرے لسٹ سے نکالنے کے حوالے سے باضابطہ اعلان نہ ہوسکا۔
فیٹف اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پاکستان نے تمام شرائط مکمل کرلی ہیں۔ پاکستان نے 34 آئٹمز پر مبنی اپنے دو ایکشن پلان مکمل کر لیے ہیں، پاکستان کا دورہ کر کے شرائط کی تکمیل کی تصدیق کی جائے گی۔
فیٹف کا کہنا ہے کہ پاکستان نے منی لانڈرنگ، دہشت گردی کی فنڈنگ روکنے کیلئے اصلاحات مکمل کیں۔