18 جون ، 2022
چیمپئنز ٹرافی 2017 میں بھارت کے خلاف فائنل میں تاریخی فتح کو آج پانچ برس مکمل ہوگئے۔
اسی حوالے سے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے سابق کپتان سرفراز احمد کی ویڈیو جاری کی ہے۔
ٹوئٹر پر جاری ویڈیو میں سرفراز احمد نے کہا کہ آج پاکستان ٹیم کو چیمپئنز ٹرافی جیتے پانچ سال ہوگئے، اس حوالے سے یادیں بہت زیادہ ہیں۔
سابق کپتان نے کہا کہ اس جیت کے حصول کے لیے تمام کھلاڑیوں نے غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کیا،چیمپئنز ٹرافی میں ہمارے سفر کا آغاز بھارت کے خلاف میچ سے ہوا۔
انہوں نے کہا کہ اس میچ کے بعد ہم سب مل کر بیٹھے، اچھی بات چیت ہوئی اور سینئرز نے بہت کچھ شیئر کیا،کمبی نیشن اور ہمارے رویے پر بات ہوئی کہ ہم یہاں سے آگے کیسے جیت سکتے ہیں۔
سرفراز احمد نے بتایا کہ ہم نے یہی فیصلہ کیا کہ اگر جیتنا ہے تو اچھے مائنڈ سیٹ اور کمبی نیشن کے ساتھ میدان میں اترنا ہے، بطورکپتان آخری بات میں نے یہی کہی تھی کہ اب وائٹ کوٹ میں پاکستان جانا ہے۔
'فخر زمان نے خواب میں دیکھا کہ وہ آؤٹ ہو گیا اور نوبال ہوگئی'
میچ کا تذکرہ کرتے ہوئے سرفراز احمد نے کہا کہ پہلے میچ کے مقابلے میں فائنل میں، میں بہت زیادہ پر اعتماد تھا، ہمارا مومنٹم اچھا بنا ہوا تھا، فخر زمان نے شاندار اننگز کھیلی،جب آپ اچھا سوچتے ہو تو اچھا ہوتا ہے۔
سابق کپتان کے مطابق فخر زمان نے خواب میں دیکھا کہ وہ آؤٹ ہو گیا اور نوبال ہوگئی، اگلے روز ایسے ہی ہوا اور فخر زمان نوبال پر آؤٹ ہوئے اور پھر انہوں نے سینچری بنائی۔
اظہر علی نے سب سے پہلے مومنٹم دیا: سابق کپتان
انہوں نے کہا کہ اظہر علی نے سب سے پہلے مومنٹم دیا پھر فخر زمان اور دوسرے کھلاڑی اسے آگے لے کر چلے، سب بیٹرز نے اپنا اپنا حصہ ڈالا ، محمد عامر نے اچھا آغاز دیا، میں سمجھتا ہوں جو اسپیل محمد عامر نے کیا ویسا بہت کم دیکھنے کو ملتا ہے۔
سابق کپتان نے مزید کہا کہ چیمپئنز ٹرافی جیتنا ہمارے لیے ایک یادگار لمحہ ہے، مکی آرتھر بہت اچھا ٹیم کو لے کر چلے، پہلے میچ کے بعد سے ہر کسی نے ایک دوسرے کو بیک کیا۔
واضح رہے کہ چیمپئنز ٹرافی 2017 کے فائنل میں پاکستان نے بھارت کو 180 رنز سے یادگار شکست کا مزہ چکھایا تھا۔