واٹس ایپ میں مخصوص افراد کیلئے پروفائل فوٹو چھپانے کا طریقہ جان لیں

یہ فیچرز تمام صارفین کے لیے دستیاب ہیں / اے ایف پی فوٹو
یہ فیچرز تمام صارفین کے لیے دستیاب ہیں / اے ایف پی فوٹو

واٹس ایپ نے صارفین کی پرائیویسی کے تحفظ کے لیے چند نئے فیچرز متعارف کرا دیے ہیں۔

واٹس ایپ کی جانب سے 2021 میں نئی پرائیویسی سیٹنگ پر کام شروع کیا گیا تھا جس کے تحت صارفین اپنی پروفائل فوٹو، لاسٹ سین اور اباؤٹ انفو کانٹیکٹ لسٹ کے مخصوص افراد سے چھپانے کی سہولت فراہم کی جانی تھی۔

2021 کے آغاز میں یہ فیچرز بیٹا ورژن میں محدود صارفین کے لیے پیش کیے گئے۔

اب رواں ہفتے انہیں دنیا بھر میں اینڈرائیڈ اور آئی او ایس صارفین کے لیے متعارف کرا دیا گیا ہے۔

یہ فیچر استعمال کرنے کے لیے واٹس ایپ اوپن کرکے سیٹنگز میں جاکر اکاؤنٹ کے آپشن میں پرائیویسی پر کلک کرنا ہوگا۔

ان فیچرز سے قبل وہاں پروفائل فوٹو، لاسٹ سین یا اباؤٹ انفو پر کلک کرنے پر آپ کے سامنے 3 آپشن ایوری ون، مائی کانٹیکٹس اور نو باڈی آتے تھے۔

مگر نئی پرائیویسی سیٹنگ میں کمپنی کی جانب سے چوتھے آپشن My contacts except کا اضافہ کیا گیا ہے۔

اس آپشن پر کلک کرکے آپ  پروفائل فوٹو، لاسٹ سین اور اباؤٹ انفو اپنی پسند کے افراد تک محدود رکھ سکتے ہیں۔

مگر یہ خیال رہے کہ جن افراد کو آپ لاسٹ سین دیکھنے سے روکیں گے، آپ بھی ان کے لاسٹ سین اسٹیٹس کو دیکھ نہیں سکیں گے، بالکل ریڈ رسیپٹس کی طرح۔

واٹس ایپ میں مخصوص افراد کیلئے پروفائل فوٹو چھپانے کا طریقہ جان لیں
please wait while file is uploading on server

اس سے قبل واٹس ایپ نے گروپ چیٹ کالنگ کے حوالے سے چند نئے فیچرز بھی رواں ہفتے متعارف کرائے تھے۔

ان فیچرز سے واٹس ایپ میں کسی گروپ کال کے حوالے سے صارف کو زیادہ اختیار دیا گیا ہے۔

واٹس ایپ کے سربراہ ول کیتھکارٹ نے ان فیچرز کی تفصیلات ایک ٹوئٹ میں شیئر کیں۔

انہوں نے بتایا کہ اب گروپ کال کے دوران اگر کوئی فرد اپنا مائیک میوٹ کرنا بھول جائے تو ہوسٹ یا کال میں شامل کوئی بھی فرد اسے میوٹ کرسکے گا تاکہ بات چیت متاثر نہ ہو۔

اسی طرح گروپ کال میں اگر کوئی نیا فرد شامل ہوگا تو واٹس ایپ کی جانب سے الرٹ بھیجا جائے گا تاکہ ہر ایک کو اس کا علم ہوسکے۔

ان نئے فیچرز سے واٹس ایپ زوم، گوگل میٹ اور مائیکرو سافٹ ٹیمز کا ایک اچھا متبادل ثابت ہوگا۔

خیال رہے کہ حال ہی میں واٹس ایپ نے گروپ اراکین کی تعداد کو 256 سے بڑھا کر 512 کر دیا تھا۔

مزید خبریں :