Time 19 جون ، 2022
پاکستان

ووٹ کو عزت دو کا نعرہ اب نواز شریف کی واپسی کا منتظر ہے، شیخ رشید

امپورٹڈ حکومت مفاد پرستوں کا دوسرا نام ہے انہیں صرف اپنے کیسز ختم کرانے کی فکرہے غریبوں کی نہیں۔سابق وزیرداخلہ/فوٹو: فائل
 امپورٹڈ حکومت مفاد پرستوں کا دوسرا نام ہے انہیں صرف اپنے کیسز ختم کرانے کی فکرہے غریبوں کی نہیں۔سابق وزیرداخلہ/فوٹو: فائل 

سابق وزیرداخلہ  اور عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید  نے ایک بار پھر اتحادی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے اتحادی جماعتوں کو آڑے ہاتھوں لیا ہے۔

اپنے ایک بیان میں  شیخ رشیدکا کہنا تھا کہ خدا خیر کرے اب آصف زرداری نے پیپلز پارٹی کی کمان سنبھال لی ہے اور دوسری جانب ووٹ کو عزت دو کا نعرہ اب  نوازشریف کی واپسی کا منتظر ہے۔

انھوں نے کہا کہ امپورٹڈ حکومت مفاد پرستوں کا دوسرا نام ہے، انہیں صرف اپنےکیسز ختم کرانےکی فکر ہے، غریبوں کی نہیں۔

عوامی مسلم لیگ کے سربراہ نے تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ایک مہینے میں درآمدی بل 100 فیصد بڑھ گیا ہے، 7 ارب ڈالرزکے ریزرو، 1 ارب کی ترسیلات اور 500 ملین ایکسپورٹ کم ہوگئی ہے، ڈالر210 روپے کا ہوگیا ہے، ایل این جی مہنگی خریدی ہے، حکومت آئی ایم ایف کے معاہدے کے لیے امریکا کے پاؤں پڑ رہی ہے۔

انھوں نے کہا کہ عنقریب بجلی میں اضافے کا تیسرا کرنٹ لگے گا،فارن ترسیلات، فارن ریزرو اور روپے کی گراوٹ کی کمی کی انہیں کوئی فکر نہیں۔

شیخ رشید نے مزید کہا کہ پنجاب کے ایک صوبے میں2 اسمبلیوں کے اجلاس ہورہے ہیں، پنجاب میں20 منحرف اراکین کا الیکشن1 ووٹ کی اکثریتی حکومت کا فیصلہ کرےگا، حالات جتنے تیزی سے خراب ہورہے ہیں اس پرسپریم کورٹ کو سوموٹو لینا چاہیے۔

مزید خبریں :