21 جون ، 2022
خیبرپختونخوا کی پہلی اور سب سے بڑی تعلیمی درس گاہ جامعہ پشاور مالی بحران کے باعث ملازمین کی تنخواہیں اور پنشن کی ادائیگی سے قاصر ہے۔
جامعہ پشاور کے وائس چانسلر ڈاکٹر ادریس خان نے وزیر اعلیٰ محمود خان کے پرنسپل سیکرٹری کو مراسلہ بھیجا ہے جس میں فنڈز جاری کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
مراسلے میں کہا گیا ہے کہ وزیراعلیٰ خیبر پختو نخوا نے رواں بجٹ میں 6 جامعات کے لیے 2 ارب روپے کا اعلان کیا تھا جس میں جامعہ پشاور کے لیے مختص 45 کروڑ روپے تاحال نہیں ملے جس کے باعث یکم جولائی کو ملازمین کو تنخواہوں اور پنشن کی ادائیگی نہیں کرسکتے۔
مراسلے میں استدعا کی گئی ہے کہ جامعہ کی مالی مشکلات سے وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کو آگاہ کیا جائے۔
دوسری جانب فیڈریشن آف پاکستان آل یونیورسٹیز اکیڈمک اسٹاف ایسوسی ایشن کے صوبائی صدر ڈاکٹر اظہار نے جیو نیوز کو بتایا کہ صوبائی حکومت نے اعلان تو کردیا لیکن فنڈز جاری نہیں کیے۔
ڈاکٹر اظہار نے کہا کہ اسلامیہ کالج، جامعہ پشاور، انجینئرنگ یونیورسٹی اور زرعی یونیورسٹی کے پاس تنخواہوں کے پیسے نہیں اور دوسری جانب صوبائی حکومت نے عمران خان کی صوبے میں سیاسی سرگرمیوں پر یونیورسٹی فنڈز خرچ کیے۔