21 جون ، 2022
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نےتاریخ میں پہلی بار قومی کرکٹرز کو ریڈ بال اور وائٹ بال کے الگ الگ سینٹرل کنٹریکٹس دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
تین فارمیٹس کھیلنے والے کھلاڑیوں کو دو کنٹریکٹس ملیں گے۔ مہنگائی کو سامنے رکھتے ہوئے پی سی بی ملازمین خاص طور پر نچلے طبقے کے ملازمین کی تنخواہوں میں بھی اضافے کا امکان ہے۔
جمعرات کو پی سی بی گورننگ بورڈ کے اجلاس میں اس بارے میں منظوری دی جائے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں سینٹرل کنٹریکٹ میں کھلاڑیوں کی تعداد میں اضافے کی منظوری بھی لی جائے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستانی کھلاڑیوں کی ریٹینرشپ میں 25 سے 30 فیصد اضافے کی تجویز ہے۔
تینوں فارمیٹس کھیلنے والے کھلاڑیوں بابر اعظم، شاہین شاہ آفریدی، محمد رضوان ، امام الحق اور حسن علی کو دو الگ الگ کنٹریکٹس ملیں گے۔