22 جون ، 2022
کراچی میں پری مون سون بارش کا پہلا اسپیل آج گزر گیا جس کے بعد شہر کے مختلف علاقوں میں ہونے والی بارش کے اعداد و شمار محکمہ موسمیات نے جاری کردیے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق سب سے زیادہ بارش ناظم آباد میں 38 ملی میٹر ریکارڈ کی گئی جبکہ جناح ٹرمینل پر 22، اولڈ ائیر پورٹ 15، فیصل بیس میں 8 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
قائد آباد 6، جامعۃ الرشید 4.3، یونیورسٹی روڈ 5.8، سعدی ٹاؤن 2.7 اور سرجانی ٹاؤن میں 1.7 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
اب تک سب سے کم بارش مسرور بیس اور اورنگی ٹاؤن میں 2 ملی میٹر ریکارڈ ہوئی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں بارش سے قبل آندھی کے دوران 84 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلیں، شہر میں ایک گھنٹے میں تیز تا درمیانے درجے کی بارش ریکارڈ کی گئی۔
ڈائریکٹر محکمہ موسمیات سردار سرفراز کے مطابق بادل ٹھٹھہ کی جانب بڑھ رہے ہیں جبکہ بادلوں کا کچھ حصہ اب بھی بحیرہ عرب میں موجود ہے۔
ڈائریکٹر محکمہ موسمیات کے مطابق کل بھی کراچی میں مطلع ابر آلود اور ہلکی بارش کا امکان ہے۔
سردار سرفراز کا کہنا تھا کہ کراچی میں ایک سے ڈیڑھ گھنٹہ ہلکی سے معتدل بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہ سکتا ہے۔