دنیا
Time 23 جون ، 2022

امریکا ہمارے مارے گئے ایٹمی سائنسدانوں کے بدلے اربوں ڈالرز معاوضہ ادا کرے، ایران

نومبر 2020 میں ایرانی سائنسدان محسن فخر زادہ تہران کے باہر کار پر حملے کی صورت میں مارے گئے تھے جس کا الزام ایران نے اسرائیل پر عائد کیا تھا۔—فوٹو:فائل
نومبر 2020 میں ایرانی سائنسدان محسن فخر زادہ تہران کے باہر کار پر حملے کی صورت میں مارے گئے تھے جس کا الزام ایران نے اسرائیل پر عائد کیا تھا۔—فوٹو:فائل

ایران نے اپنے مارے گئے ایٹمی سائنسدانوں کے بدلے امریکا سے  4 ارب ڈالرز سے زائد معاوضے کا مطالبہ کر دیا۔

فرانسیسی خبر رساں ایجنسی(اے ایف پی) کے مطابق ایک ایرانی عدالت نے جمعرات کو حکم دیا کہ امریکا ان ایٹمی سائنسدانوں کے خاندانوں کو 4 ارب ڈالرز سے زائد  معاوضہ ادا کرے جو حالیہ برسوں میں مارے گئے تھے۔

مقامی میڈیا کے مطابق ایران نے امریکا، اسرائیل  دونوں پر الزام لگایا ہے کہ وہ اہم شخصیات کو نشانہ بنا رہے ہیں، جن میں نومبر 2020 میں ایران کے ایٹمی پروگرا م کے بانی سائنسدان محسن فخری زادہ کا قتل بھی شامل ہے۔

سرکاری خبر رساں ایجنسی کا کہنا ہے کہ جمعرات کو ایرانی عدالت نے کہا ہے کہ مجرمانہ تحقیقات اور اسرائیلی حکام کے تبصروں کی بنیاد پر یہ واضح ہے کہ اسرائیلی حکومت نے ایرانی سائنسدانوں کو قتل کروایا۔

عدالت کی جانب سے مزید کہا گیا ہے کہ امریکا اسرائیل کی براہ راست اور بالواسطہ حمایت کرتا ہے اور اسی لیے امریکا تمام کارروائیوں کا ذمہ دار ہے، بشمول ایرانی ایٹمی سائنسدانوں کے خلاف دہشت گردی کی کارروائیوں میں مدد اور حمایت کرنا۔

ایرانی عدالت کے فیصلے میں کہا گیا ہے کہ ملزمان میں امریکی حکومت، سابق صدور باراک اوباما اور ڈونلڈ ٹرمپ کے علاوہ دیگر اعلیٰ امریکی حکام بھی شامل ہیں۔

واضح رہے کہ نومبر 2020 میں ایرانی ایٹمی سائنسدان محسن فخری زادہ تہران کے باہر کار پر حملے  کی صورت میں مارے گئے تھے جس کا الزام ایران نے اسرائیل پر عائد کیا تھا۔

اس کے علاوہ 2010 میں ایران کے دو دیگر ایٹمی سائنسدان ماجد شہریاری اور فریدون عباسی  پر  بھی حملے کیے گئے تھے جن میں ماجد شہریاری ہلاک اور فریدون زخمی ہوئے تھے۔

خیال کیا جارہا ہے کہ جمعرات کو ایرانی عدالت کی جانب سے سنائے گئے فیصلے سے تہران اور مغرب کے درمیان کشیدگی بڑھنے کا خطرہ ہے کیونکہ ایران اور عالمی طاقتوں کے درمیان 2015 کے جوہری معاہدے کی بحالی کے لیے مذاکرات تعطل کا شکار ہو گئے ہیں۔

مزید خبریں :