کیا آپ ٹک ٹاک کے سب سے مقبول صارف سے واقف ہیں؟

کھابی لامے کا تعلق سینیگال سے ہے / رائٹرز فوٹو
کھابی لامے کا تعلق سینیگال سے ہے / رائٹرز فوٹو

ٹک ٹاک دنیا بھر کے نوجوانوں میں مقبول ترین سوشل میڈیا ایپ ہے مگر کیا آپ کو اس کے سب سے زیادہ مقبول صارف کے بارے علم ہے؟

اگر نہیں تو جان لیں کہ افریقی ملک سینیگال میں پیدا ہونے والے 22 سالہ کھابی لامے ٹک ٹاک پر سب سے زیادہ مقبول صارف بن گئے ہیں۔

انہوں نے امریکا سے تعلق رکھنے والی ٹک ٹاک اسٹار چارلی ڈی امیلیو کو پیچھے چھوڑ کر یہ اعزاز حاصل کیا ہے۔

کھابی لامے کے فالوورز کی تعداد 14 کروڑ 27 لاکھ سے زیادہ ہے جبکہ چارلی ڈی امیلیو کو 14 کروڑ 23 لاکھ سے زائد افراد فالو کررہے ہیں۔

کھابی لامے اس وقت اٹلی میں مقیم ہیں اور ان کو مقبولیت ٹک ٹاک کے ڈوئٹ اور اسٹیچ فیچرز کے استعمال پر ملی تھی جن میں وہ بغیر کچھ بولے مختلف ٹوٹکوں پر عجیب ردعمل ظاہر کرتے تھے۔

ان کی مقبولیت کا آغاز 2021 میں ہوا تھا اور حالیہ ہفتوں میں مداحوں نے انہیں ٹک ٹاک کا سب سے مقبول صارف بنانے کی کوششیں شروع کی تھیں۔

اب وہ ٹک ٹاک پر سائیلنٹ کامیڈی پوسٹس کرتے ہیں جن کو لاکھوں افراد دیکھتے اور پسند کرتے ہیں۔

کھابی لامے کا چارلی ڈی امیلیو کو پیچھے چھوڑنا اہمیت رکھتا ہے کیونکہ چارلی اور ان کی بہن نے ٹک ٹاک کے ذریعے دنیا بھر میں شہرت حاصل کی اور گزشتہ سال 2 کروڑ 75 لاکھ ڈالرز کمائے۔

مزید خبریں :