26 جون ، 2022
بالی وڈ کی سینئر اداکارہ نیتو کپور نے انکشاف کیا ہے کہ وہ شادی والے دن اپنے پھیروں کے وقت نشے کی حالت میں تھیں جس کی وجہ سے وہ بے ہوش ہوگئی تھیں۔
بھارتی میڈیا سے گفتگو میں نیتو کپور نے اپنی شادی والے دن کی کچھ یادیں تازہ کیں جس میں انہوں نے رشی کپور اور اپنے ساتھ پیش آئے دلچسپ واقعے کا بھی تذکرہ کیا۔
نیتو کپور نے بتایا کہ ہماری شادی پر بہت زیادہ مہمان آگئے تھے، کئی ایسے لوگ تھے جنہیں ہم نے بلایا بھی نہیں تھا، اس کے علاوہ کئی جیب کترے شادی میں گھسے جو کہ بالکل تیار تھے، ہمیں لگا وہ مہمان ہیں۔
اداکارہ نے بتایا کہ ان کی جانب سے ہمیں تحائف بھی دیے گئے، جب ہم نے ان تحفوں کو کھولا تو اس میں پتھر اور جوتے تھے جسے دیکھ کر ہمیں بے انتہا حیرت ہوئی لیکن ساتھ ہی عجیب سا محسوس ہوا۔
نیتو کپور نے مزید بتایا کہ میں اور رشی شادی والے دن لوگوں کا ہجوم دیکھ کر گھبراگئے، بارات آنے سے قبل گھوڑی پر بیٹھتے ہوئے رشی کپور بے ہوش ہوگئے تھے جس کے کچھ دیر بعد وہ ہوش میں آئے، بعد میں جب شادی کی تقریب کا آغاز ہوا تو ہم نے خود کو پرسکون رکھنے کے لیے شراب پی لی۔
انہوں نے کہا کہ پھیرے لیتے وقت میں نشے کی حالت میں تھی اور اس وقت بے شمار لوگ تھے، اسی لیے بے ہوش ہوکر گر پڑی جس کے بعد مجھے ہوش میں لایا گیا اور ہماری شادی مکمل ہوئی۔
واضح رہے کہ نیتو کپور اور آنجہانی اداکار رشی کپور کی شادی 1980 میں ہوئی تھی۔
حال ہی میں 24 جون کو نیتو کپور کی نئی فلم 'جُگ جُگ جیو' ریلیز کی گئی ہے جس میں انیل کپور سمیت کیارا اڈوانی، ورون دھون اور منیش پول شامل ہیں۔