26 جون ، 2022
اسلام آباد: وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے نیب قوانین میں ترمیم سے متعلق عمران خان کے بیان کو جھوٹ کا پلندہ قرار دے دیا۔
ایک بیان میں اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ نیب ترامیم عمران خان کا اپنا قانون تھا اور 80 فیصد ترامیم اِن کی لائی ہوئی ہیں، موجودہ حکومت نے صرف اِنہیں پارلیمنٹ میں قانون کی شکل دی۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان اس معاملے پر عدالت سے رجوع کر چکے ہیں لہٰذا سیاسی بیان بازی سے گریز کریں اور فیصلہ عدالت پر چھوڑ دیں۔
اعظم نذیر تارڑ کا کہنا تھا کہ ہم ان ترامیم کا عدالت میں پورا دفاع کریں گے، ترامیم اسلامی شریعت، آئین اور پاکستانی قوانین کے مطابق ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے سرکاری ملازمین کو تحفظ دیا تاکہ نیب کی بلیک میلنگ کے بغیر خدمت کرسکیں۔
واضح رہے کہ سابق وزیر اعظم عمران خان نے اتحادی حکومت کی طرف سے منظور کردہ قومی احتساب بیورو (نیب) ترامیم سپریم کورٹ میں چیلنج کرنے کا اعلان کیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ نیب قوانین میں ترامیم ملک کی توہین ہے، ترامیم منظور کرنے والوں کو جیل میں ڈال دینا چاہیے، اگر ملک کو ترقی کرنا ہے تو انصاف کی حکمرانی ضروری ہے، جس ملک میں انصاف نہیں وہ ملک کبھی بھی ترقی نہیں کرسکتا، جب تک ملک میں بڑے بڑے مجرموں کوقانون کےنیچے نہیں لاتے، ملک آگےنہیں بڑھ سکتا۔