26 جون ، 2022
اسلام آباد: جمعیت علماء اسلام (جے یو آئی) نے سندھ میں بلدیاتی الیکشن کے پہلے مرحلے کو تشدد اور دھاندلی سے بھرپور قرار دیتے ہوئے کہا ہےکہ بلدیاتی الیکشن میں سیاسی مخالفین کے لیے جمہوری عمل میں حصہ لینا جرم بنادیا گیا۔
مرکزی ترجمان جے یو آئی اسلم غوری کا کہنا ہےکہ سندھ کے بلدیاتی انتخابات میں الیکشن کمیشن اپنی ذمہ داریاں پوری کرنے میں ناکام رہا، بلدیاتی الیکشن کا پہلا مرحلہ تشدد اور دھاندلی کے واقعات سے بھرا پڑا ہے۔
ترجمان جے یو آئی اسلم غوری کا کہنا ہےکہ الیکشن کے دوران جے یو آئی کے امیدواروں اور کارکنوں کو تشدد کا نشانہ بنایا گیا لیکن پولیس خاموش تماشائی بنی رہی، صوبائی انتظامیہ نے جانبدارانہ کردار ادا کرکے بلدیاتی الیکشن پر سوالیہ نشان لگا دیا ہے۔
ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ سندھ میں بلدیاتی الیکشن میں سیاسی مخالفین کے لیے جمہوری عمل میں حصہ لیناجرم بنادیا گیا، جیکب آباد، پنوعاقل اور کندھ کوٹ میں جے یو آئی کے پولنگ ایجنٹس کو اغوا کیا گیا۔