28 جون ، 2022
ملک میں بجلی کا شارٹ فال پھر 6 ہزار میگاواٹ سے اوپر چلاگیا، کراچی میں لوڈشیڈنگ کے ستائے شہریوں نے 14 مختلف مقامات پر اپنا احتجاج ریکارڈ کروایا۔
گرمی بڑھتے ہی بجلی کی طویل اور غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ میں بھی اضافہ ہوگیا، این ٹی ڈی سی ذرائع کے مطابق ملک میں بجلی کی پیداوار 22 ہزار 500 میگاواٹ کے لگ بھگ اور طلب 28 ہزار میگاواٹ سے تجاوز کرگئی ہے، اس طرح بجلی کا شارٹ فال 5 ہزار 500 میگاواٹ ہوگیا ۔
کراچی کے علاقے گڈاپ سٹی میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 18 گھنٹے تک بڑھ گیا ہے، اس کے علاوہ شاہ فیصل کالونی، ملیر، سرجانی ٹاؤن، جہانگیر روڈ، گلستان جوہر، گارڈن، سلطان آباد، کالا پل سمیت شہر کے مختلف علاقوں میں بجلی کی طویل اور غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے اور شہر کے اکثر علاقوں میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 4 سے 14 گھنٹے تک پہنچ گیا ہے۔
بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ کے خلاف ماڑی پور میں شہریوں نے روڈ بلاک کردی جس کے باعث ٹریفک جام ہوگیا۔
گزشتہ روز بھی تین ہٹی، صدر پریڈی اسٹریٹ، جوبلی مارکیٹ ، شاہ فیصل کالونی ، سرجانی ٹاؤن یونیورسٹی روڈ ،کالا پل، ایم ٹی خان روڈ، نشتر روڈ اور ماڑی پور سمیت 14 مقامات پر احتجاج کیا گیا۔
دوسری جانب ترجمان کے الیکٹرک کے مطابق کے الیکٹرک نے کراچی کے بیشتر علاقوں میں غیرقانونی کنڈوں کے خلاف کارروائی کی ہے، جس کے نتیجے میں صدر، لیاقت آباد، ناظم آباد، گارڈن، بہادر آباد، ٹیپو سلطان کے علاقوں میں 1397کلو سے زائدکنڈا کنکشنز کی تاروں کو ہٹایا گیا ہے۔
اس کے علاوہ پنجاب کےمختلف شہروں میں بھی 6 سے8 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ جاری ہے جب کہ دیہات میں بجلی چندگھنٹے ہی آتی ہے۔