28 جون ، 2022
پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما اسحاق ڈار نے اس بات کی تصدیق کردی ہے کہ وہ پاکستان واپس آنے کی تیاری کر رہے ہیں اور واپس آکر سینیٹر کے عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔
برطانوی نشریاتی ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ اگلے ماہ پاکستان واپسی کی تیاری کر رہا ہوں، سینیٹر کا حلف اٹھاؤں گا، اگلے ماہ پاکستان واپسی کا ارادہ تقریباً کنفرم ہے، صحت کو درپیش چند مسائل کا علاج اگلے 10 سے 12 روز میں مکمل ہونے کی توقع ہے۔
اسحاق ڈار نے مزید کہا کہ ڈاکٹرز اگلے چند روز میں علاج کے مکمل ہونے کے بارے میں پُرامید ہیں، پاکستان میں عمران نیازی کی جانب سے دائر کیا جانے والا کیس جعلی مقدمہ ہے، کیس میرے ٹیکس ریٹرنز پر بنایا گیا،ٹیکس ریٹرنز جمع کرانےمیں کبھی تاخیر نہیں کی۔
اسحاق ڈار نے مزید کہا کہ کیس میں جان ہی نہیں تھی اس لیے انٹرپول نے مجھے کلین چِٹ دے دی تھی، میرے وزیر خزانہ کا قلمدان سنبھالنے سے متعلق فیصلہ پارٹی اور قیادت کا ہوگا۔