29 جون ، 2022
بشریٰ اقبال نے سابق شوہر عامر لیاقت کے حوالے سے سوشل میڈیا پر تبصرے کرنے والوں کو عدالت میں آنے کا مشورہ دیا ہے۔
سندھ ہائیکورٹ کے باہر میڈیا نمائندوں سے غیر رسمی گفتگو میں بشریٰ اقبال نے کہا کہ شہری عبدالاحد آج بھی عدالت میں پیش نہیں ہوا، کیس سے ان کا تعلق سمجھ آرہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جو چلا گیا اس کے گھر والوں کے کورٹ کچہری کے چکر لگوائے جارہے ہیں، پتا نہیں اس کے پیچھے کیا ہے، افسوس ہمارے اندر سے انسانیت ختم ہوگئی ہے، لوگوں کے جذبات سے نہ کھیلا جائے۔
بشریٰ اقبال نے سوال کیا کہ جو لوگ سوشل میڈیا پر ایکٹو ہوکر خبریں دے رہے ہیں، وہ یہاں جج صاحب کے سامنے کیوں پیش نہیں ہوئے۔
عامر لیاقت کی تیسری اہلیہ دانیہ شاہ کے سوال پر بشریٰ اقبال نے جواب دیا کہ دانیہ کے حوالے سے ہمارے وکیل بات کریں گے، فی الحال ہم کیس کے حوالے سے ہی بات کرسکتے ہیں۔