دنیا
Time 29 جون ، 2022

2 بھارتی خواتین مبینہ طور پر سو سے زائد زندہ جنگلی جانور اسمگل کرتے ہوئے گرفتار

فوٹو:غیر ملکی میڈیا
فوٹو:غیر ملکی میڈیا

تھائی لینڈ میں 2 بھارتی خواتین کو  مبینہ طور پر 109 زندہ  جنگلی جانوروں کی  اسمگلنگ کرتے ہوئے گرفتار کر لیا گیا۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق تھائی لینڈ کے حکام نے پیر کے روز  بنکاک کے سوورنا بھومی ائیرپورٹ پر دو بھارتی خواتین کو اپنے سامان میں 109 زندہ جنگلی جانوروں کو اسمگل کرنے کی مبینہ کوشش کے الزام میں گرفتار کیا۔

ایک پریس ریلیز میں تھائی لینڈ کے  محکمہ نیشنل پارکس، وائلڈ لائف اور پلانٹ کنزرویشن نے کہا  ہے کہ خواتین کے سامان کی  تلاشی کے دوران دو سوٹ کیسوں میں 35 کچھوے، 50 چھپکلیاں، 20 سانپ اور دیگر جنگلی جانور زندہ حالت میں ملے۔

تھائی حکام نے بتایا کہ سوٹ کیس دو بھارتی خواتین  نتھیا راجہ اور ذکیہ سلطانہ ابراہیم  کے تھے جو چنئی جانے والی پرواز میں سوار ہونے والی تھیں۔

حکام کے مطابق ان خواتین کو 2019 کے وائلڈ لائف کنزرویشن اینڈ پروٹیکشن ایکٹ، 2015 کے اینیمل ڈیزیز ایکٹ اور 2017 کے کسٹم ایکٹ کی خلاف ورزی کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے۔

البتہ حکام نے یہ نہیں بتایا کہ مشتبہ خواتین ان جانوروں کو اپنے ساتھ کیوں لے کر جارہی تھی یا اس کے پیچھے ان کا کیا منصوبہ تھا۔

مزید خبریں :