پاکستان
Time 01 جولائی ، 2022

لاہور میں سینیئر صحافی ایاز امیر پر نامعلوم افراد کا حملہ

فوٹو: سوشل میڈیا
فوٹو: سوشل میڈیا

لاہور:  سینیئر صحافی ایاز امیر پر نامعلوم افراد نے حملہ  کردیا۔

ذرائع کے مطابق  ایاز امیر نجی ٹی وی کے دفتر سے نکلے تو ایبٹ روڈ پر  نامعلوم افراد نے روکا اور انہیں تشدد کا نشانہ بنایا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ حملہ آوروں نے تشدد کر کے ایاز امیر سے موبائل فون اور پرس بھی چھین لیا۔

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی تصاویر میں  ایاز امیر کے کپڑے بظاہر پھٹے ہوئے دیکھے جاسکتے ہیں۔

آئی جی پنجاب کا واقعے کا نوٹس

آئی جی پنجاب نے سینیر صحافی ایاز امیر پر نامعلوم افراد کے تشدد کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے سی سی پی او سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔

ترجمان پولیس کے مطابق آئی جی پنجاب نے ہدایت کی ہے کہ سیف سٹی کیمروں سے ملزمان کی شناخت کر کے انہیں گرفتار کیا جائے۔

دوسری جانب سی سی پی او نے ایس پی سول لائنز سے  واقعے کی رپورٹ طلب کرلی ہے۔

ترجمان پولیس کے مطابق سی سی پی او  نےسینیئرصحافی پر مبینہ تشدد کے واقعے کی مکمل تحقیقات کا حکم  دیا ہے۔

ذرائع کے مطابق حملے کی تحقیقات کے لیے ایس پی سول لائنز نجی ٹی وی کے دفتر پہنچ گئے۔

واضح رہے کہ سینیئر صحافی ایاز امیر نے گزشتہ روز چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان پر ان ہی کی تقریب میں تنقید کی تھی۔

ایاز امیر نے عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ جو کھلواڑ اب پاکستان میں ہو چکا ہے اس میں خان صاحب کا بھی حصہ ہے، ہمیں بتایا گیا تھا کہ ایسا کپتان ہے، کپتان نے کرکٹ ٹیم میں یہ کر دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ آپ نے پاکستان کو پراپرٹی ڈیلرز کے حوالے کر دیا تھا،صحافی ایاز امیر کی تنقید پر عمران خان جواباً مسکراتے رہے تھے۔

مزید خبریں :