02 جولائی ، 2022
سابق وزیراعظم عمران خان نے سینیئر صحافی ایاز امیر پر لاہور میں نامعلوم افراد کی جانب سے حملے کی مذمت کی ہے۔
عمران خان نے ٹوئٹر پر بیان جاری کرتے ہوئے لکھا کہ'لاہورمیں سینیئرصحافی ایاز امیر پر تشدد کی شدید الفاظ میں مذمت کرتاہوں۔شہریوں،صحافیوں اور حزب اختلاف کے سیاستدانوں کےساتھ روا رکھے جانے والے تشدد اور جعلی پرچوں کے ساتھ پاکستان فسطائیت کی بدترین دلدل میں اتر رہا ہے'۔
ان کا کہنا تھا کہ جب ریاست اخلاقی بالادستی کھو دیتی ہے تو تشدد پر اتر آتی ہے۔
واضح رہے کہ جمعے کی رات کو لاہور میں سینیئر صحافی ایاز امیر پر نامعلوم افراد نے حملہ کیا۔
ذرائع کے مطابق ایاز امیر نجی ٹی وی کے دفتر سے نکلے تو ایبٹ روڈ پر نامعلوم افراد نے روکا اور انہیں تشدد کا نشانہ بنایا۔
حملہ آوروں نے تشدد کر کے ایاز امیر سے موبائل فون اور پرس بھی چھین لیا۔
یاد رہے کہ سینیئر صحافی ایاز امیر نے جمعرات کو چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان پر ان ہی کی تقریب میں تنقید کی تھی۔
ایاز امیر نے عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ جو کھلواڑ اب پاکستان میں ہو چکا ہے اس میں خان صاحب کا بھی حصہ ہے، ہمیں بتایا گیا تھا کہ ایسا کپتان ہے، کپتان نے کرکٹ ٹیم میں یہ کر دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ آپ نے پاکستان کو پراپرٹی ڈیلرز کے حوالے کر دیا تھا،صحافی ایاز امیر کی تنقید پر عمران خان جواباً مسکراتے رہے تھے۔