02 جولائی ، 2022
کراچی میں مون سون بارشوں کے پیش نظر نیشنل لاجسٹکس سیل نے جامع منصوبہ بندی کرلی۔
ترجمان این ایل سی کے مطابق حساس مقامات پر پانی کے بہاؤ کی 24 گھنٹے نگرانی کی جائے گی جب کہ لانگ بوم ایکسکویٹر، ڈی واٹرنگ پمپس کو حساس علاقوں میں پہنچایا جا رہا ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ گلیوں میں پانی کا داخلہ روکنے کےلیے تمام چوکنگ پوائنٹس پر مسلسل ڈریجنگ کی جائے گی، اس کے علاوہ ریت کے20 ہزار تھیلے نشیبی علاقوں کے ساتھ نالے کے اطراف میں رکھے گئے ہیں۔
ترجمان کے مطابق اورنگی نالے پر حفاظتی بندوں کی تعمیر بھی کی جارہی ہے جب کہ شاداب گراؤنڈ، مین کیمپ اور سائٹ ایریا میں ایمرجنسی رسپانس سیل قائم کیا گیا ہے جو بارشوں کے دوران 24 گھنٹے کام کرے گا۔
محکمہ موسمیات کی پیشگوئی
دوسری جانب محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں مون سون کا پہلا اسپیل آج شام یا رات سےشروع ہوسکتا ہے جس دوران شہر میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے جب کہ 3 اور 4 جولائی کو شہر میں شدید بارش ہوسکتی ہے۔
محکمہ موسمیات کا بتانا ہےکہ بارش سے قبل آندھی کا امکان ہے اور اس دوران 81 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل سکتی ہیں۔
شہری انتظامیہ کی تیاری کیا ہے؟
کراچی میں پانی سے بھرے بادل برسنے کو تیار ہیں لیکن شہر کے نالوں کی صفائی کا کام اب تک مکمل نہیں کیا جاسکا ہے جب کہ اہم شاہراہوں اورعمارتوں پر لگے خطرناک بل بورڈزا ور ہورڈنگز بھی اب تک نہیں ہٹائے جاسکے ہیں۔