پاکستان
Time 02 جولائی ، 2022

عمر کے تعین کیلئے عدالتی حکم پر ایک بار پھر دعا کا مکمل طبی معائنہ کرلیا گیا

دعا زہرا کی عمر کے تعین کیلئے عدالتی حکم پر قائم 10 رکنی میڈیکل بورڈ کا اجلاس آج سروسز اسپتال کراچی میں ہوا— فوٹو: سوشل میڈیا
دعا زہرا کی عمر کے تعین کیلئے عدالتی حکم پر قائم 10 رکنی میڈیکل بورڈ کا اجلاس آج سروسز اسپتال کراچی میں ہوا— فوٹو: سوشل میڈیا

عمر کے تعین کیلئے عدالتی حکم پر قائم میڈیکل بورڈ نے دعا کا آج پھر مکمل طبی معائنہ کیا، حکام کے مطابق رپورٹ پیر کو عدالت میں جمع کرائی جائے گی۔

دعا زہرا کی عمر کے تعین کیلئے عدالتی حکم پر قائم 10 رکنی میڈیکل بورڈ کا اجلاس آج سروسز اسپتال کراچی میں ہوا۔

پولیس کی سخت سکیورٹی میں دعا زہرا کو  پیش کیا گیا۔ میڈیکل بورڈ کی جانب سے دعا زہرہ کے ٹخنے، کلائی اور  pelvis کے ایکسرے کیے گئے جس کے بعد دعا کو ڈاؤ ڈینٹل اسپتال لے جایا گیا جہاں دانتوں کا ایکسرے کیا گیا۔

بعد ازاں دعا کے وزن اور قد کا بھی ناپ لیا گیا۔ میڈیکل بورڈ کی جانب سے دعا کے والد اور والدہ سے بھی الگ الگ ملاقاتیں کی گئیں جس کے بعد دعا کو  پولیس کی تحویل میں واپس بھیج دیا گیا۔

دعا کے والدین کے وکیل جبران ناصر نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ کس قانون کے تحت ملزم ظہیر ، دعا کے ہمراہ لاہور سے آیا ہے، بچی کےلاپتہ ہونے کے کیسز دو عدالتوں میں چل رہے ہیں، بچی دباؤ میں ہے، مخصوص جملے بول رہی ہے۔

وکیل جبران ناصر نے اس موقع پر تفتیشی افسر کی تبدیلی کے معاملہ کو  پیر کو عدالت میں اٹھانے کا بھی اعلان کیا۔

واضح رہے کہ کراچی سے لاہور جاکر اپنی پسند سے شادی کرنے والی دعا زہرا کی عمرکا تعین اس سے قبل کیا جاچکا ہے جس کے مطابق دعا زہرا کی عمر 16 سے17 سال کے درمیان ہے، عمرکے تعین کا ٹیسٹ سول اسپتال کراچی میں کیا گیا تھا اور اس کی رپورٹ پولیس کو باقاعدہ طور پر دی گئی تھی۔

دعا زہرا کے والد مہدی کاظمی کے وکیل نے دعا کی میڈیکل رپورٹ کو عدالت میں چیلنج کردیا تھا جس کے بعد دوبارہ دعا کا میڈیکل کرایا گیا ہے۔

مزید خبریں :