03 جولائی ، 2022
کراچی میں بارش کی پیشگوئیاں، پیش بندیاں اور وارننگز سب دھری کی دھری رہ گئیں، شہر میں بادل اب تک نہ برسے، اب محکمہ موسمیات نے کراچی میں آج شام یا رات سے بارش کی پیشگوئی کی ہے۔
چیف میٹرولوجسٹ کراچی سردار سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ مون سون سسٹم مشرقی سندھ، راجستھان اور بحیرہ عرب میں موجود ہے، جو آج شام یارات کو آندھی اور بارش کا سبب بن سکتا ہے۔
سردار سرفراز کا مزیدکہنا ہےکہ بارش کا پہلا سسٹم 5 جولائی تک سندھ پر اثرانداز رہےگا، جس کے پیچھےایک اورسسٹم بھی موجود ہے جب کہ دوسرا اسپیل پہلے سسٹم کےختم ہونےکے 18گھنٹے بعد اثر انداز ہوسکتا ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ اسلام آباد، پنجاب، بالائی خیبر پختونخوا اورکشمیر میں بھی بادل برس سکتے ہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق شہر قائد کا کم سے کم درجہ حرارت29.5ڈگری جب کہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 32سے34ڈگری سینٹی گریڈ رہنےکا امکان ہے، کراچی میں ہوا میں نمی کا موجودہ تناسب 75 فیصد ہے۔
دوسری جانب شہری انتظامیہ کی جانب سے کراچی میں نالوں کی صفائی اب تک نہیں ہوسکی، اہم شاہراہوں اور عمارتوں پر لگے بل بورڈز اور ہورڈنگز بھی نہ ہٹائے جاسکے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج سندھ کے زیریں علاقوں اور بلوچستان میں بھی بارش کا امکان ہے۔
واضح رہے کہ محکمہ موسمیات کی جانب سے 2 جولائی سے کراچی میں بارش کی پیش گوئی کی گئی تھی۔