03 جولائی ، 2022
دنیا کی مقبول ترین ایپلی کیشن واٹس ایپ نے صارفین کی سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے ایک بار پھر ایپ میں تبدیلی کردی ہے۔
واٹس ایپ آئے دن نت نئے فیچرز متعارف کراتی ہے اور اب اس بار ایپلی کیشن نے اپنے 'ڈیلیٹ فار ایوری ون (Delete for everyone)' کے فیچر میں بڑی تبدیلی کردی ہے۔
ایپ کی سرگرمیوں پر نظر رکھنے والی ویب سائٹ واٹس ایپ بیٹا انفو کی رپورٹ کے مطابق اب چیٹ میں بھیجے گئے پیغامات کو ڈیلیٹ کرنے کا دورانیہ بڑھا دیا گیا ہے۔
اپ ڈیٹ سے قبل واٹس ایپ کے میسجز میں ڈیلیٹ فار ایوری ون فیچر کی حد 1 گھنٹہ، 8 منٹ اور 16 سیکنڈ تھی لیکن اب نئے وقت کی حد 2 دن اور 12 گھنٹے ہوگی، یعنی دو دن بعد بھی آپ بھیجے گئے میسجز ڈیلیٹ کرسکیں گے۔
رپورٹ کے مطابق یہ اپ ڈیٹ فی الحال کچھ بِیٹا صارفین کے لیے جاری کی گئی ہے، جب کہ آہستہ آہستہ اس فیچر تک تمام صارفین کی رسائی ممکن ہوگی۔
اس کے علاوہ واٹس ایپ ڈیلیٹ فار ایوری ون فیچر کی مزید بہتری کے لیے بھی کام کر رہا ہے جس کے تحت اگر آپ گروپ ایڈمن ہیں تو مستقبل میں گروپس میں کسی بھی پیغام کو حذف کرنے کے اہل ہوں گے۔