06 جولائی ، 2022
لاہور: نانگا پربت چوٹی سر کرنے کے بعد واپسی کے سفر کے دوران لاپتہ ہونے والے کم عمر پاکستانی کوہ پیما شہروز کاشف کیمپ تھری پہنچ گئے۔
جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے شہروز کاشف کے والد کاشف سلمان نے بتایا کہ شہروز کاشف چوتھے سے تیسرے کیمپ میں آتے دکھائی دیے تھے۔
کاشف سلمان نے کہا کہ شہروز اور ان کے ساتھی کی کسی نے مدد نہیں کی، شہروز کاشف اور ان کے ساتھی اپنی مدد آپ کے تحت کیمپ تھری پہنچے۔
والد شہروز کاشف نے مزید کہا کہ بیٹے اور ان کے ساتھی کو ریسکیو نہیں کیا گیا۔
یاد رہے کہ شہروز کاشف نے گزشتہ صبح نانگاپربت چوٹی سر کی تھی اور شہروز کاشف نے نانگاپربت چوٹی سر کرنے والے کم عمر ترین کوہ پیما ہونے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔
شہروز کاشف دنیا کی 8000 میٹر سے بلند 14 چوٹیوں میں سے 8 کو سر کر چکے ہیں اور کم عمر ترین پاکستانی کوہ پیما بھی ہیں۔