06 جولائی ، 2022
اسلام آباد کی مقامی عدالت نے پی ٹی آئی لانگ مارچ کے دوران توڑ پھوڑ کے کیس میں عمران خان کی عبوری ضمانت میں توسیع کردی۔
اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ میں پی ٹی آئی لانگ مارچ کے دوران توڑ پھوڑ کے کیس کی سماعت ہوئی جس سلسلے میں سابق وزیراعظم عمران خان عدالت میں پیش نہیں ہوئے۔
چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل نے عدالت میں مؤقف اپنایا کہ عمران خان کی جان کو خطرہ ہے وہ پیش نہیں ہو سکتے۔
سابق وزیراعظم کے وکیل نے عمران خان کی حاضری سے استثنا کی درخواست دائر کی جسے عدالت نے منظور کرلیا۔
عدالت نے پی ٹی آئی لانگ مارچ کے دوران توڑ پھوڑ کے کیس میں عمران خان کی عبوری ضمانت میں 18جولائی تک توسیع کردی۔
واضح رہےکہ پی ٹی آئی کے لانگ مارچ کے دوران توڑ پھوڑ کے کیس میں سابق وزیراعظم عمران خان کے خلاف اسلام آباد کے مختلف تھانوں میں 15 مقدمات درج کیےگئے تھے۔