07 جولائی ، 2022
امریکی کمپنی اسپیس ایکس اور ٹیسلا کے بانی ایلون مسک کے ہاں گزشتہ برس جڑواں بچوں کی پیدائش ہوئی جس کی خبریں اب سامنے آئی ہیں۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق کچھ عدالتی دستاویزات منظرِ عام پر آئیں جس میں انکشاف ہوا کہ ’نومبر 2021 میں ایلون مسک نے خفیہ طور پر اپنی نیورو ٹیکنالوجی فرم 'نیورالنک' کی ایک اعلیٰ ایگزیکٹو شیون زیلیس کے ساتھ جڑواں بچوں کو خوش آمدید کہا'۔
یہ انکشاف 6 جولائی کو اس وقت ہوا جب امریکی ویب سائٹ’بزنس انسائیڈر‘ نے ایلون مسک کی کچھ عدالتی دستاویزات حاصل کیں جن میں جڑواں بچوں کے نام تبدیل کرنے کے لیے درخواست دائر کی گئی تاکہ بچوں کے ناموں کے ساتھ ان کے والد کا نام جُڑ سکے۔
جڑواں بچوں کی پیدائش کے بعد اب ایلون مسک کے 9 بچے ہوگئے ہیں، اس سے قبل ان کی پہلی اہلیہ جسٹن مسک کے ساتھ 5 بچے ہیں جب کہ گرل فرینڈ کینیڈین گلوکارہ گرائمز سے 2 بچے ہیں۔