09 جولائی ، 2022
نانگا پربت سر کرنے کی مہم سے واپسی پر لاپتہ ہونے والے نوجوان کوہ پیما شہروز کاشف کا کہنا ہے انہوں نے موت کو بہت قریب سے دیکھا، یقین نہیں آ رہا کہ لاہور میں کھڑا ہوں۔
نوجوان کوہ پیما شہروز کاشف والدین کے ہمراہ اسکردو سے لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ائیر پورٹ پہنچے جہاں ان کے عزیز و اقارت نے ان کا استقبال کیا۔
لاہور ائیرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شہروز کاشف کا کہنا تھا کہ واپسی کا راستہ بہت کٹھن اور دشوار گزار تھا، دشواری میں گزری راتوں نے مجھے 20 سال کی عمر میں بہت بڑا کر دیا ہے، آکسیجن ، خوراک اور کیمپ، میرے پاس کچھ نہیں تھا۔
نوجوان کوہ پیما کا کہنا تھا موت کو بہت قریب سے دیکھا، مجھے یقین ہی نہیں آ رہا کہ میں لاہور میں کھڑا ہوں۔
ایک سوال کے جواب میں شہروز کاشف کا کہنا تھا میں کسی صورت بریک نہیں لے سکتا، میرا مقصد سیاحت اور پاکستان کے لیے بہت ضروری ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہر اسپورٹس میں خطرات ہوتے ہیں، میرا ارادہ پاکستان کی تیسری اور پانچویں بلند ترین چوٹیوں کو سر کرنا ہے۔
یاد رہے کہ حال ہی میں شہروز کاشف نے نانگا پربت کی چوٹی سر کی ہے، چوٹی سر کرنے کے بعد واپسی کے سفر پر شہروز کاشف اور ان کے ساتھ فضل لا پتا ہو گئے تھے۔