Time 09 جولائی ، 2022
دنیا

'جناب صدر اور وزیراعظم! یہ مسٹر بین کی فلم نہیں، استعفیٰ دیں اور گھرجائیں'

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

سری لنکا میں حکومت کے خلاف جاری احتجاج میں شدت آتی جارہی ہے اور اب  سابق کرکٹرز  بھی حکومت کے استعفےکا مطالبہ کرتے ہوئے مظاہرین کے حق میں سامنے آگئے ہیں۔

سابق سری لنکن کپتان اور لیجنڈ بلے باز کمارا سنگاکارا نے عوام کی جانب سے صدارتی محل کے گھیراؤ کی ویڈیو ٹوئٹر پر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ 'یہ ہمارے مستقبل کے لیے ہے'۔

سابق سری لنکن کپتان اور جارح مزاج بلے باز سنتھ جے سوریا تو خود احتجاج میں شامل ہوگئے۔

ایک  ٹوئٹ میں جے سوریا نے  سری لنکن صدر اور وزیراعظم کو مخاطب کرتے ہوئےکہا کہ عوام مشتعل ہو رہے ہیں، استعفیٰ دیں اور گھر چلے جائیں، آپ کو سمجھ نہیں آتی، جناب صدر اور جناب وزیراعظم، یہ مسٹر بین کی فلم نہیں یہ حقیقی زندگی ہے،  آپ لوگوں کی زندگیوں سے کھیل رہے ہیں۔

ایک اور سابق سری لنکن کپتان اور اسٹائلش بلے باز  مہیلا جے وردھنے نے احتجاج کی حمایت کرتے ہوئے لکھا کہ 'ہم نے بحیثیت ملک اپنی سمت بدل دی ہے اور  اسے نہیں بدلا جاسکتا، اب عوام بول پڑے ہیں'۔

ایک ٹوئٹ میں جے وردھنے نے سری لنکن صدر کو مسٹربین کہتے ہوئےلکھا کہ 'مسٹر بین اب مزید کوئی ڈیل نہیں، برائے مہربانی مستعفی ہوجائیں'۔

خیال رہے کہ سری لنکا میں مالیاتی بحران جاری ہے، سری لنکن  صدر کی معاشی پالیسیوں کے خلاف  آج ہزاروں مظاہرین صدارتی محل میں گھس گئے، مظاہرین نے صدارتی محل کے سامنےکھڑی رکاوٹیں توڑ  ڈالیں، اس دوران مظاہرین اور  پولیس کے درمیان جھڑپیں بھی ہوئیں۔

پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے واٹرکینن کا استعمال کیا، ہوائی فائرنگ اور آنسو گیس کی شیلنگ کی،  رپورٹ کے مطابق سری لنکن صدر  راجا پاکسےکو  ان کی رہائش گاہ سے پہلے ہی بحفاظت نکال لیا گیا تھا۔

دوسری جانب سری لنکن میڈیا کے مطابق بدترین معاشی بحران کے خلاف عوام کے شدید احتجاج پر وزیراعظم رانیل وکرماسنگھے نے مستعفی ہونےکی پیش کش کردی ہے۔

 وزیراعظم آفس کا کہنا ہےکہ  وزیراعظم کُل جماعتی حکومت بنانے کے لیے مستعفی ہونےکو تیار ہیں۔

خیال رہےکہ سری لنکا کئی ماہ سے خوراک، ادویات،ایندھن، بجلی کی کمی اور شدید مہنگائی جیسے مسائل کا شکار ہے۔

مزید خبریں :