11 جولائی ، 2022
موسمیاتی تجزیہ کار کے مطابق بحیرہ عرب سے مسلسل بارش برسانے والے بادل شہر کی جانب بڑھ رہے ہیں جس سے کراچی میں مزید موسلا دھار بارش کا امکان ہے۔
موسمیاتی تجزیہ کار جواد میمن کے مطابق ٹھٹھہ، بدین اور کیٹی بندر سے بادلوں کے آنے کا سلسلہ جاری ہے جس سے شہر میں مزید 2سے 3گھنٹے بارش کا سلسلہ جاری رہ سکتا ہے۔
موسمیاتی تجزیہ کار کے مطابق مون سون سسٹم کو بحیرہ عرب سے مسلسل نمی مل رہی ہے جس سےشہر میں کل شام تک وقفے وقفے سے بارش کا امکان رہے گا۔
چیف میٹرولوجسٹ کی گفتگو
دوسری جانب جیونیوز سے گفتگو کرتے ہوئے چیف میٹرولوجسٹ سردارسرفراز نے کہا کہ موجودہ اسپیل مزید ڈیڑھ سے 2 گھنٹے جاری رہ سکتا ہے، اس وقت کورنگی، ڈیفنس اور کیماڑی میں بارش ہے جب کہ کچھ دیر میں نارتھ کراچی، اورنگی اور ناظم آبادمیں بارش کا سلسلہ شروع ہوسکتاہے۔
چیف میٹرولوجسٹ نے بتایا کہ آج دن بھر وقفے وقفے سے کہیں ہلکی، کہیں معتدل اور کہیں تیز بارش ہوگی، دن میں سب سے زیادہ بارش 60 سے 70 ملی میٹر تک متوقع ہے جب کہ کل اور پرسوں تک بارشوں میں کمی کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی کو بارش برسانے والے بادلوں نے اپنی لپیٹ میں لیا ہوا ہے جس سے شہر کے مختلف علاقوں میں موسلا دھار بارش دن بھر ہوسکتی ہے جب کہ 14 جولائی سے بارش کا نیا سسٹم شہر میں داخل ہوگا اس سسٹم کے تحت مزید تیز بارش ہوسکتی ہے۔