پاکستان
Time 12 جولائی ، 2022

پنجاب ضمنی الیکشن: عمران خان کا چیف الیکشن کمشنر پر دھاندلی کی منصوبہ بندی کا الزام

ثنا اللہ مستی خیل کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، ثنا اللہ مستی خیل کو لوٹا کرنے کی پوری کوشش کی گئی لیکن یہ نہیں ہوئے : سابق وزیراعظم کا بھکر میں خطاب— فوٹو: فائل
ثنا اللہ مستی خیل کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، ثنا اللہ مستی خیل کو لوٹا کرنے کی پوری کوشش کی گئی لیکن یہ نہیں ہوئے : سابق وزیراعظم کا بھکر میں خطاب— فوٹو: فائل

سابق وزیراعظم عمران خان نے بھکر میں تحریک انصاف کے جلسے سے خطاب کیا جس میں انہوں نے حکومت پر شدید تنقید کی۔

پنجاب کے 20 حلقوں میں ضمنی الیکشن کے حوالے سے تحریک انصاف نے بھی انتخابی مہم شروع کر رکھی ہے اور عمران خان خود اس کی قیادت کر رہے ہیں۔

بھکر کے علاقے دریا خان میں جلسے سے خطاب میں عمران خان نے کہا کہ ثنا اللہ مستی خیل کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، ثنا اللہ مستی خیل کو لوٹا کرنے کی پوری کوشش کی گئی لیکن یہ نہیں ہوئے، یہ لوٹے بنتے کیوں ہیں اس کی وجہ ہے، لوٹا تب بنتا جب اس کا کوئی قبلہ نہیں ہوتا۔

عمران خان نے کہا کہ جب ملک میں لوٹوں کی تعداد بڑھ جاتی ہے تو وہ ملک کو تباہ کر دیتی ہے، آپ سب نے میرے ساتھ مل کر ان لوٹوں اور چوروں کو شکست دینی ہے،  یہ الیکشن نہیں یہ حقیقی آزادی کی جنگ ہو رہی ہے، یہ جہاد امریکا کی سازش کے تحت مسلط چوروں کے خلاف ہے ، یہ 30 سال سے ملک کو لوٹ رہے ہیں، 26 سال سے ان کے خلاف جہاد کر رہا ہوں ۔

کسی کا اگر خیال ہے کہ ہم امریکا کی غلامی کریں گے تو کسی غلطی فہمی میں نہ رہو

عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ ’امریکا کو کہتا ہوں امن میں آپ کے ساتھ ہیں جنگ میں نہیں، امریکا سمیت کسی کی غلامی نہیں کریں گے۔‘

انہوں نے الزام عائد کیا کہ لوگوں کو ٹیلی فون آتے ہیں کہ ہم تمہیں یہ کردیں گے جیل میں ڈال دیں گے،  ان کی کوشش ہے کہ ہم ان چوروں کو تسلیم کرلیں لیکن ہم کبھی ان کو تسلیم  نہیں کریں گے، میرے خلاف 15 ایف آئی آرز  کاٹی گئیں، کان کھول کر سن لو جان بھی قربان ہو ان چوروں کو تسلیم نہیں کروں گا، کسی کا اگر خیال ہے کہ ہم امریکا کی غلامی کریں گے تو کسی غلطی فہمی میں نہ رہو۔

ان چوروں کو تسلیم کرلیا تو پھر ساری زندگی امریکا کی غلامی کرنا پڑے گی

سابق وزیراعظم نے کہا کہ امریکا کے ایک غلام کو وزیراعظم بنایا گیا، شریف اور  زرداری خاندان 32 سال سے حکومت کر رہے ہیں، یہ خاندان اب کہہ رہے ہیں کہ ہمارا ملک غریب ہے، ہمارے حکمران خود تو بے شرم ہیں قوم کو بھی شرمندہ کر دیتے ہیں، وزیر اعظم کہتا ہے ہم مجبور ہیں اس لیے ہمیں امریکا کی غلامی کرنی ہے، ان چوروں کو تسلیم کرلیا تو پھر ساری زندگی امریکا کی غلامی کرنا پڑے گی۔

عمران خان نے کہا کہ پانامہ پیپرز میں پتہ چلا لندن کے مہنگے علاقے میں 4 ارب روپے کی جائیداد مریم کے نام نکلی، مریم بی بی کا بھائی کہتا ہے کہ لندن میں بڑے بڑے محلات ہمارے ہیں

چیف الیکشن کمشنر بتائے کتنی بار حمزہ شہباز اور مریم نواز سے ملاقات کی؟

چیئرمین تحریک انصاف نے ضمنی الیکشن کے حوالے سے کہا کہ  17 جولائی کو ان چوروں کو شکست دےکر اپنی حالت بدلنی ہے، یہ جو مرضی کرلیں کسی حلقے میں ضمنی انتخاب نہیں جیت سکتے، یہ الیکشن نہیں جیت سکتے ان کا ایک ہی پروگرام بنا ہوا ہے دھاندلی کا، نوازشریف جب کرکٹ کھیلتا تھا وہاں بھی اپنے امپائرز کھڑے کرتا تھا، یہ چور دھاندلی کیلئے اترے ہیں اور چیف الیکشن کمشنر کو ساتھ ملایا ہوا ہے، چیف الیکشن کمشنر  بتائے کتنی بار حمزہ شہباز اور مریم نواز سے ملاقات کی؟ مسٹر ایکس کو حکم ملا ہے کہ ہر صورت ان چوروں کو جتانا ہے۔

عمران خان نے کہا کہ ’مسٹر ایکس‘ مجھے خبر ملی ہے کہ تم نے ’مسٹر  وائے‘ کو  ملتان دھاندلی کیلئے  پہنچادیا ہے، مسٹر ایکس اور  وائے کو چیلنج ہے دونوں کو  پھینٹا  لگے گا الیکشن ہم جیتیں گے۔

 لیگی رہنما احسن اقبال کے ساتھ پیش آنے والے واقعے کی حمایت 

ن لیگی رہنما احسن اقبال کے ساتھ پیش آنے والے واقعے کی حمایت کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ ’احسن اقبال اس فیملی نے سچ کہا ، آپ چور نہیں ڈاکو ہو،  شہبازشریف بھی چور، غیر آئینی وزیراعلیٰ حمزہ بھی چور ، آپ کے ساتھ جو ملا ہوا ہے آصف زرداری 30 سال سے یہ چوری کر رہے ہیں، آج کراچی میں حالات دیکھیں، زرداری اور اس کا ٹولہ سندھ کا پیسہ باہر بھیج دیتا ہے،کراچی کا حال دیکھیں ان چوروں نے کیا کردیا ہے۔

عمران خان نے کہا کہ جھوٹ بولنے والی شہزادی چوروں کی کمپین کر رہی ہے،  مریم بی بی کہتی تھیں لندن تو چھوڑو پاکستان میں بھی کوئی جائیداد نہیں، پانامہ پیپرز میں پتہ چلا لندن کے مہنگے علاقے میں 4 ارب روپے کی جائیداد مریم کے نام نکلی۔

مزید خبریں :