12 جولائی ، 2022
جھنگ: مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ ن کا مقابلہ عمران خان سے نہیں، اس کی نااہلی، مہنگائی اور پنجاب دشمنی سے ہے۔
گوجرہ موڑ پر ریلی سے خطاب میں مریم نے کہا کہ اب پنجاب میں ن لیگ کی حکومت ہے شیر کی حکومت ہے ، مشکل دور گزر گیا اب اچھا وقت آنے والا ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ عوام اگر چاہتے ہیں مہنگائی کم ہو تو شیر کو ووٹ دیں، ن لیگ کا مقابلہ عمران خان سے نہیں ن لیگ کا مقابلہ اس کی نااہلی اور مہنگائی سے ہے، وعدہ کرو پنجاب کے دشمنوں کو پنجاب سے اٹھا کر باہر پھینکو گے، وعدہ کرو محمد اسلم بھروانہ کو کامیاب کراؤ گے، وعدہ کرو گوجرہ موڑ کے لوگ 17 جولائی کو گھروں میں نہیں بیٹھیں گے ۔
مریم نے کہا کہ جب تک آپ کی قسمت نہیں بدلے گے آرام سے نہیں بیٹھیں گے۔
گوجرہ موڑ جھنگ پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوام 17 جولائی کو پنجاب کے دشمنوں کو اٹھا کر باہر پھینک دیں گے۔ مریم نواز کچھ دیر بعد پینسرہ انٹرچینج ایم فور، ،ملوانہ موڑ اور اٹھارہ ہزاری میں بھی عوام سے خطاب کریں گی۔
خیال رہے کہ پنجاب کے 20 حلقوں میں ضمنی الیکشن 17 جولائی کو ہوں گے جس کیلئے تحریک انصاف اور ن لیگ نے بھرپور انتخابی مہم شروع کر رکھی ہے۔ ن لیگ کی انتخابی مہم کی قیادت مریم نواز جبکہ تحریک انصاف کی عمران خان خود کر رہے ہیں۔
یہ نشستیں پنجاب اسمبلی میں تحریک انصاف کے منحرف ارکان کے ڈی سیٹ ہونے کے بعد خالی ہوئی تھیں۔