12 جولائی ، 2022
چنیوٹ موڑ پر جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا ہے کہ آج وزیراعظم شہباز شریف عوام کو بہت بڑا ریلیف دینے جارہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مشکل وقت گزر گیا، اب روز خوش خبریاں آئیں گی۔ چنیوٹ موڑ پر انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہاکہ ان کی پارٹی اقتدار میں آلو پیاز کے ریٹ کم کرانے آئی ہے، ان کی پارٹی اس لیے اقتدار میں آئی ہے کہ ملک میں ترقیاتی کام کرائے۔
مریم نے کہا کہ عوام 17 جولائی کے الیکشن میں ایک بار پھر فرح گوگی کو پنجاب پر مسلط کرنے کی کوشش کو ناکام بنائیں گے۔
مریم نے کہاکہ آدھے عوام کہہ رہے ہیں عمران خان چور ہے، آدھے کہہ رہے ہیں عمران جھوٹا ہے، میں کہتی ہوں عمران خان چور بھی ہے اور جھوٹا بھی ہے، سوائے فرح گوگی کے عمران نے عوام کو کچھ نہیں دیا۔
خیال رہے کہ پنجاب کے 20 حلقوں میں ضمنی الیکشن 17 جولائی کو ہوں گے جس کیلئے تحریک انصاف اور ن لیگ نے بھرپور انتخابی مہم شروع کر رکھی ہے۔ ن لیگ کی انتخابی مہم کی قیادت مریم نواز جبکہ تحریک انصاف کی عمران خان خود کر رہے ہیں۔
یہ نشستیں پنجاب اسمبلی میں تحریک انصاف کے منحرف ارکان کے ڈی سیٹ ہونے کے بعد خالی ہوئی تھیں۔