معروف پاکستانی اداکار تنویر جمال انتقال کر گئے

اداکار تنویر جمال کینسر کے مرض میں مبتلا تھے۔ فوٹو فائل
اداکار تنویر جمال کینسر کے مرض میں مبتلا تھے۔ فوٹو فائل

ٹوکیو: پاکستان کے معروف اداکار تنویر جمال جاپان میں انتقال کر گئے۔

اداکار تنویر جمال کینسر کے مرض میں مبتلا تھے اور کچھ عرصہ قبل ہی علاج کی غرض سے جاپان منتقل ہوئے تھے۔

اداکار تنویر جمال نے جاپان میں مختلف ڈاکٹرز کو چیک اپ کرایا تاہم ڈاکٹرز نے نامور پاکستانی اداکار کا طبی معائنہ کرنے کے بعد انہیں یہ کہہ کر جواب دے دیا تھا کہ اگر تنویر جمال کا آپریشن کیا گیا تو ان کی صحت کو مزید خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔

اداکار تنویر جمال نے لواحقین نے جاپانی اہلیہ اور تین بچے چھوڑے ہیں۔

تنویر جمال گزشتہ 35 برسوں سے اپنی شاندار  اداکاری کے ذریعے پاکستان میں اہم مقام رکھتے تھے، تنویر جمال کو ان کی بہترین اداکاری پر پی ٹی وی کی جانب سے بیسٹ ایکٹر ایوارڈ سے بھی نوازا جا چکا ہے۔

تنویر جمال نے پرائیویٹ پروڈکشن میں سب سے پہلے ایکشن سے بھرپور میگا ڈرامہ سیریل ’گاڈ فادر‘ کو ڈائریکٹ اور  پروڈیوس کرکے اپنا نام بنایا جب کہ یہ ڈرامہ سیریل پاکستان اور جاپان میں ریکارڈ کی گئی۔

انہوں نے درجنوں معروف ڈرامہ سیریل میں بہترین اداکاری کے جوہر  بھی دکھائے جب کہ‘ اب پیمپر نہیں آئیں گے‘ اور عنقریب ریلیز ہونے والی فلم ’جاپان کنکشن‘ ڈائریکٹ اور پروڈیوس کی ہے۔

تنویر جمال 2016 میں پہلی دفعہ کینسر کے مرض کا شکار ہوئے تھے تاہم علاج کے بعد صحتیاب ہو گئے تھے لیکن چند ماہ قبل انہیں پھر سے تکلیف ہوئی اور ایک بار  پھر کینسر کی تشخیص ہوئی جس سے ان کی صحت کافی متاثر ہوئی تھی۔

مزید خبریں :