معاہدے سے دستبردار ہونے پر ٹوئٹر کیجانب سے مقدمہ، ایلون مسک کا طنزیہ ردِعمل

فوٹو:فائل
فوٹو:فائل

گزشتہ روز ٹوئٹر نے 44 ارب ڈالرز میں کمپنی خریدنے کے معاہدے سے دستبردار ہونے پر اسپیس ایکس اور ٹیسلا کے بانی ایلون مسک کے خلاف مقدمہ دائر کیا۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی ریاست ڈیلاویئر کی عدالت میں دائر مقدمے میں ٹوئٹر انتظامیہ کی جانب سے  عدالت سے کہا گیا کہ وہ دنیا کے امیر ترین شخص کو 54.20 ڈالر فی شیئر میں کمپنی خریدنے کے معاہدے کی پاسداری کا حکم دے۔

تاہم بدھ کے روز ایلون مسک نے  ٹوئٹر کی جانب سے مقدمہ دائر ہونے کےبعد طنزیہ انداز میں ایک ٹوئٹ کی اور لکھا کہ 'Oh the irony lol (اوہ ستم ظریقی)'۔

 اگرچہ ٹوئٹ میں مقدمے کا ذکر نہیں کیا گیا لیکن ایسا لگتا ہے کہ ایلون مسک اُسی کا حوالہ دے رہے ہیں کیونکہ ٹوئٹر ابتدائی طور پر معاہدے سے متفق نہیں تھا۔

واضح رہے کہ ٹوئٹر انتظامیہ کی جانب سےایلون مسک پر مقدمے میں منافقت کا الزام  بھی لگایا گیا ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ دنوں اسپیس ایکس اور ٹیسلا کے بانی ایلون مسک ٹوئٹر خریدنے کے معاہدے سے دستبردار ہوگئے تھے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق جمعے کے روز یو ایس سکیورٹیز اینڈ ایکس چینج کمیشن کے پاس جمع کروائے گئے دستاویزات کے مطابق ایلون مسک نے کہا تھا کہ ٹوئٹر انتظامیہ جعلی اکاؤنٹس کے بارے میں معلومات فراہم کرنے میں ناکام رہی اس لیے میں سوشل میڈیا کمپنی کو خریدنے کے اپنے معاہدے سے دستبردار ہورہا ہوں۔

خیال رہے کہ ایلون مسک کے ڈیل سے دستبردار ہونے کے بعد ٹوئٹر کے چیئرمین بریٹ ٹیلر نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ'ٹوئٹر بورڈ مسک کو معاہدے کی پاسداری کرنے پر مجبور کرنے کیلئے قانونی کارروائی کرے گا'۔

واضح رہے کہ رواں سال اپریل کے آخر میں ایلون مسک اور ٹوئٹر کے درمیان 44 ارب ڈالرز میں سوشل میڈیا کمپنی خریدنے کا معاہدہ طے پایا تھا۔

مزید خبریں :