Time 14 جولائی ، 2022
پاکستان

ماہرین نے مون سون کی معمول سے زیادہ بارشوں کی وجہ ماحولیاتی تبدیلی کو قرار دیدیا

مون سون کی زیادہ بارشیں ماحولیاتی تبدیلی کا اثر ہے:ماہرین موسمیات/فائل فوٹو
مون سون کی زیادہ بارشیں ماحولیاتی تبدیلی کا اثر ہے:ماہرین موسمیات/فائل فوٹو

ماہرین موسمیات نے مون سون کا دورانیہ طویل ہونے اور  معمول سے زیادہ بارشیں ہونے کی وجہ ماحولیاتی تبدیلیوں کو قرار  دے دیا۔

موسمیاتی تجزیہ کار کا کہنا ہے کہ موسموں کی شدت کی وجہ ماحولیاتی تبدیلیاں ہیں، ماحولیاتی تبدیلیوں نے مون سون بارشوں کا پیٹرن بھی بدل دیا ہے، مون سون بیلٹ میں اضافہ ہو گیا ہے اور مون سون ہوائیں ان خطوں تک بھی پہنچنے لگی ہیں جو مون سون بیلٹ میں نہیں آتے تھے۔

ماہرین  موسمیات نے  ماضی کا حوالہ دیتے ہوئے مزید بتایا کہ ماضی میں مون سون ہوائیں مغربی بلوچستان پر اثر انداز نہیں ہوتی تھیں لیکن حالیہ مون سون ہوائیں بلوچستان، ایران،  عمان اور متحدہ عرب امارات تک جا رہی ہیں۔

اس کے علاوہ ماہرین نے یہ بھی بتایا کہ پچھلے سال مون سون ہواؤں نے سعودی عرب کو بھی متاثر کیا، سمندر کے زائد درجہ حرارت سےسائیکلون اور مون سون سسٹم شدت اختیار کرنے لگے ہیں، مون سون کا دوسرا سسٹم بھی بحیرہ عرب کے زائد درجہ حرارت کے باعث شدت اختیار کر سکتا ہے۔

ماہرین موسمیات نے کراچی میں بارش کے حوالے سے پیشگوئی کی کہ کراچی میں آج دوپہر یا شام میں بارش ہو سکتی ہے، ٹھٹہ، بدین، کیٹی بندر ، نوری آباد اور کیرتھر رینج سے بادل کراچی شہر کی جانب آسکتے ہیں جب کہ  رات میں بھی بارش کا امکان رہے گا۔

موسمیاتی ماہرین کا کہنا ہے کہ کراچی میں بارش کے حوالے سے 15 سے 17 جولائی کا دورانیہ بہت اہم ہے۔

کراچی میں دوپہر یا شام میں بارش کا سلسلہ شروع ہو سکتا ہے: چیف میٹرولوجسٹ

دوسری جانب چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز کا کہنا ہے کہ مون سون بارشوں کے سسٹم کا پھیلاؤ بحیرہ عرب تک آ رہا ہے، کراچی میں دوپہر یا شام میں بارش کا سلسلہ شروع ہو سکتا ہے۔

سردار سرفراز کا کہنا ہے کہ مون سون کا دوسرا سسٹم بھی طاقتور ہے، 18 جولائی تک سسٹم سندھ پر اثر انداز  رہ سکتا ہے۔

مزید خبریں :