14 جولائی ، 2022
رواں سال سری لنکا میں شیڈول ایشیا کپ کرکٹ کے انعقاد کا حتمی فیصلہ کل ہوگا۔
کرکٹ سری لنکا کے سیکرٹری موہن ڈی سلوا کا کہنا ہے کہ ایشین کرکٹ کونسل ایونٹ کے انعقاد سے متعلق کل فیصلہ کرے گی۔
موہن ڈسلوا کا کہنا ہے کہ ہم نے آسٹریلیا کی میزبانی کی،پاکستان ٹیم بھی اس وقت سری لنکا میں ہے، ملک میں کشیدہ سیاسی صورتحال کے باوجود ایونٹ کے انعقاد کے لیے پرعزم ہیں۔
سیکرٹری کرکٹ سری لنکا کے مطابق ایشیا کپ کو سری لنکا سے کہیں اور منتقل کرنے کا کوئی دباؤ نہیں ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل گزشتہ دنوں یہ خبر سامنے آئی تھی کہ سری لنکا میں سیاسی کشیدگی کے باعث بنگلادیش نے ایک بار پھر ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کی میزبانی کیلئے تیاریاں شروع کردی ہیں۔
یاد رہے کہ ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ رواں سال 27 اگست سے 11 ستمبر تک سری لنکا میں شیڈول ہے۔