12 جولائی ، 2022
سری لنکا میں سیاسی کشیدگی کے باعث بنگلادیش نے ایک بار پھر ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کی میزبانی کیلئے تیاریاں شروع کردی ہیں۔
ایونٹ کی سری لنکا سے بنگلادیش منتقلی کا حتمی فیصلہ ایشین کرکٹ کونسل رواں ماہ کے اختتام پر کرے گی،ایشیا کپ اگست میں سری لنکا میں شیڈول ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق موجودہ صورتحال کے باعث سری لنکا کی ایشیا کپ کی میزبانی خطرے میں پڑ گئی ہے اور بنگلادیش نے ایشیا کپ کرانے کی تیاریاں شروع کردی ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق سری لنکا میں معاشی اور سیاسی بحران بدستور جاری ہے، سری لنکن بورڈ تاحال ایشیا کپ کرانے کیلئے کوشاں ہے اور موجودہ صورتحال کے باوجود آسٹریلین ٹیم سری لنکا کا کامیاب دورہ کرکے واپس جارہی ہے جبکہ پاکستان ٹیم وہاں ٹیسٹ سیریز کیلئے کولمبو میں موجود ہے ۔
تاہم بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ سری لنکا میں ایک بار پھر کشیدگی زور پکڑ گئی ہے اور ایشین کرکٹ کونسل نے کسی بھی ناخوشگوار صورتحال کے پیش نظر بنگلادیش کو ایشیا کپ کی میزبانی کیلئے اسٹینڈ بائی پر رکھا ہے۔
ایشین کرکٹ کونسل ایشیا کپ کے انعقاد کا حتمی فیصلہ اس ماہ کے آخر میں کرے گی۔