دنیا
Time 16 جولائی ، 2022

امریکا اور سعودیہ کا تیل کی قیمتوں میں استحکام کیلئے مل کر کوششیں کرنے پر اتفاق

دونوں ملکوں کا عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں استحکام کے لیے مل کر کوششیں کرنے پراتفاق ہوا ہے: اعلامیہ/ تصویر : رائٹرز
دونوں ملکوں کا عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں استحکام کے لیے مل کر کوششیں کرنے پراتفاق ہوا ہے: اعلامیہ/ تصویر : رائٹرز

امریکی صدر کے سعودی عرب کے دورے کے موقع پر دونوں ملکوں کی جانب سے عالمی تنازعات حل کرنے کے لیے مشترکہ حکمت عملی بنانے پر  اتفاق کیا گیا ہے۔

امریکی صدر جو بائیڈن اور  ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی ملاقات کے حوالے سے جاری مشترکہ اعلامیے  میں کہا گیا ہے کہ امریکا سعودی عرب کو دفاع کے لیے فوجی ساز  و سامان مہیا کرے گا اور خطے میں ایران کی مداخلت روکنے اور ایران کو ایٹمی صلاحیت کے حصول سے روکنے کے لیے دونوں ملکوں کی جانب سے مل کر کوششیں کرنے کے عزم کا اظہار بھی کیا گیا ہے۔

دونوں رہنماؤں کی ملاقات میں خطے کی سلامتی اور خوشحالی کے لیے مل کر کام کرنے، توانائی، سکیورٹی، ماحولیاتی تبدیلیوں، انسانی بحران اور عالمی تنازعات طے کرنے کے لیے مشترکہ حکمت عملی بنانے پر بھی زور دیا گیا ہے۔

 اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ دونوں ملکوں کا عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں استحکام لانے کے لیے مل کر کوششیں کرنے پربھی اتفاق ہوا ہے۔

اعلامیے کے مطابق دونوں ملکوں کی درمیان سیاحتی اور تجارتی ویزوں میں دس سال کی توسیع کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ امریکی صدر جو بائیڈن بطور صدر مشرق وسطیٰ کے اپنے پہلے دورے پر تھے اور اس دوران وہ اسرائیل بھی گئے تھے۔

امریکی صدر بائیڈن مشرق وسطیٰ کا دورہ مکمل کر کے واپس روانہ ہوگئے ہیں، بائیڈن نے چار روز مشرق وسطیٰ میں گزارے۔

مزید خبریں :