18 جولائی ، 2022
الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پنجاب کے ضمنی انتخابات کے دوران رزلٹ سسٹم بیٹھ جانے سے متعلق بعض میڈیا چینلز پر چلنے والی خبروں کو بے بنیاد قرار دے دیا۔
ترجمان الیکشن کمیشن کے مطابق رزلٹ سسٹم 100 فیصد درست کام کر رہا ہے،عوام کو گمراہ کرنے کیلئے بے بنیاد اور جھوٹی خبریں نہ پھیلائی جائیں۔
ترجمان الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ اس الیکشن میں آر ٹی ایس سسٹم تو استعمال ہی نہیں ہوا،الیکشن کمیشن رزلٹ مینجمنٹ سسٹم استعمال کر رہا ہے۔
واضح رہے کہ پنجاب اسمبلی کی 20 نشستوں پر ضمنی انتخابات کے نتائج آنے کا سلسلہ جاری ہے اور اب تک کے نتائج کے مطابق پاکستان تحریک انصاف 15 اور مسلم لیگ (ن) نے 3 نشستوں پر کامیابی حاصل کرلی جبکہ ایک نشست آزاد امیدوار کے حصے میں آئی۔
پنجاب کے 14 اضلاع کی 20 نشستوں پر پولنگ صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک بغیر کسی وقفے سے جاری رہی۔
ضمنی انتخابات میں 175 امیدواروں نے حصہ لیا۔