19 جولائی ، 2022
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما ریاض فتیانہ نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے انتخاب میں مسلم لیگ (ق) کے سربراہ چوہدری شجاعت اپنے پارٹی ارکان کو نہیں روک سکتے۔
اپنے بیان میں ریاض فتیانہ کا کہنا تھاکہ مسلم لیگ ق کے ارکان پنجاب اسمبلی پارٹی امیدوارپرویزالٰہی کو ووٹ دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ق لیگ کے ارکان پنجاب اسمبلی آرٹیکل 63 اے کی خلاف ورزی نہیں کررہے اور چوہدری شجاعت اپنے پارٹی ارکان کو ووٹ ڈالنے سے نہیں روک سکتے۔
ان کا کہنا تھاکہ وزیراعلیٰ کے امیدوار پی ٹی آئی سے نہیں بلکہ ق لیگ سے ہیں۔
خیال رہے کہ سابق صدر آصف علی زرداری نے حکومتی اتحادیوں کے اہم اجلاس کے بعد مسلم لیگ (ق) کے صدر چوہدری شجاعت سے ان کی رہائش گاہ پر اہم ملاقات کی۔
اس ملاقات کے بعد واپسی جاتے ہوئے آصف علی زرداری نے وکٹری کا نشان بھی بنایا۔
واضح رہے کہ سپریم کورٹ آف پاکستان کے حکم پر 22 جولائی کو وزیراعلیٰ پنجاب کا انتخاب ہوگا اور پی ٹی آئی کی جانب سے پرویز الٰہی اور ن لیگ کے حمزہ شہباز وزارت اعلیٰ کے امیدوار ہیں۔