دنیا
Time 19 جولائی ، 2022

ٹوئٹر معاہدہ کیس: عدالت نے اکتوبر میں سماعت مقرر کر لی

ایلون مسک کی ٹیم کی جانب سے عدالت سے استدعا کی گئی کہ مقدمے پر کارروائی اگلے سال کے آغاز میں چلائی جائے — فوٹو فائل
ایلون مسک کی ٹیم کی جانب سے عدالت سے استدعا کی گئی کہ مقدمے پر کارروائی اگلے سال کے آغاز میں چلائی جائے — فوٹو فائل

ایلون مسک کے ٹوئٹر  خریداری  معاہدے سے متعلق شروع ہونے والے تنازعے میں ٹوئٹر کی درخواست پر  عدالت نے معاملہ اکتوبر میں سماعت کے لیے مقرر کر لیا۔

ایلون مسک کی جانب سے 44 ارب ڈالر کا معاہدہ منسوخ کرنے کے اعلان کے بعد ٹوئٹر کی جانب سے  ان کے خلاف عدالت سے رجوع کیا گیا تھا۔

ٹوئٹر کی جانب سے داخل کی گئی  درخواست میں عدالت سے اپیل کی گئی تھی کہ ستمبر میں 4 روزہ ٹرائل کے ذریعے معاملے کا فیصلہ سنایا جائے تاہم ایلون مسک کی قانون ٹیم کی جانب سے ٹوئٹر کے ایسے مؤقف کی مخالفت کرتے ہوئے سماعت اگلے برس کے آغاز تک ملتوی کرنے کی استدعاکی گئی تھی۔ 

ٹوئٹر کی قانونی ٹیم کے ولیم سیوِٹ نے  عدالت میں دلائل دیتے ہوئے کہا کہ معاملے کو جلد از جلد نمٹایا جائے کیوں کہ معاملے کا لٹکے رہنا کمپنی کے لیے ہر ہفتے، ہر گھنٹے اور  ہر دن نقصان دہ ثابت ہو رہا ہے۔

انہوں نے مؤقف اختیار کیا کہ ایلون مسک معاہدے کے پابند ہیں اور انہیں معاہدے کو انجام تک پہنچانے کی تمام کوششیں کرنی چاہیں لیکن وہ جو کر رہے وہ بلکل الٹ ہے اور سبوتاژ ہے۔

ایلون مسک کے قانونی ٹیم کے اینڈریو روزمین نے عدالت میں مؤقف اختیار کیا کہ ایلون مسک کو یہ معاملہ لمبے عرصے تک لٹکائے رکھنے کا کوئی فائدہ نہیں ہے، اور وہ خود  بھی ٹوئٹر کے بڑے شیئرہولڈر ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ٹوئٹر کی جانب سے ایلون مسک کے خلاف معاہدے کی مبینہ خلاف ورزیوں کا معاملہ عدالت میں نہیں لایا گیا، کمپنی کی جانب سے  یہ انتظار خود کمپنی کی جانب سے مہلت کی خواہش کی نشانی ہے۔

ایلون مسک کی ٹیم کی جانب سے عدالت سے گزارش کی گئی کہ مقدمے پر کارروائی اگلے سال کے آغاز میں چلائی جائے۔

واضح رہے کہ رواں سال اپریل کے آخر میں ایلون مسک اور ٹوئٹر کے درمیان 44 ارب ڈالرز میں سوشل میڈیا کمپنی خریدنے کا معاہدہ طے پایا تھا، مگر  ایلون مسک نے کہا کہ وہ اس معاہدے پر پیشرفت اس وقت تک نہیں کرسکتے جب تک سوشل میڈیا کمپنی کی جانب سے اسپام اور فیک اکاؤنٹس کی تعداد کے بارے میں مزید تفصیلات ان کے حوالے نہیں کی جاتیں تاہم  آگے چل کراسپیس ایکس اور ٹیسلا کے بانی ایلون مسک ٹوئٹر خریدنے کے معاہدے سے دستبردار ہوگئے۔

مزید خبریں :